تازہ ترین

راج بھون کی کرسی نشینی میں محض 10ماہ بعد تبدیلی، منوج سنہا لیفٹیننٹ گورنرمقرر

سرینگر وارد،آج راج بھون میں حلف برداری کی تقریب

تاریخ    7 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
سرینگر//صدر جمہوریہ ہند ،رام ناتھ کووند نے جموں وکشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرموکے استعفیٰ کو منظور کرتے ہوئے اُنکی جگہ سابق مرکزی وزیر اور اْتر پردیش سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر منوج سنہا کو جموں کشمیر کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا  ہے۔جموں وکشمیر میں اپنی انتظامی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل وہ آج بعد دوپہر ساڑھے 12بجے راج بھون سرینگر میں جموں کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔ نئے لیفٹیننٹ گور منوج سنہا صدر جمہوریہ سے ملنے کے بعد سرینگر پہنچ گئے اور ائر پورٹ پرچیف سیکریٹری اورپولیس سربراہ نے انکا استقبال کیا۔گریش چندر مرمو جموں وکشمیر کی تقسیم وتنظیم نو کے ایک سال مکمل ہونے کے موقعے پر اچانک مستعفی ہوگئے۔صدر ہند کے پریس سیکریٹری اجے کمار کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گور نر گریش چندر مرمو کا استعفیٰ منظور کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ صدر ہند،رام ناتھ کووندنے منوج سنہا کو جموں کشمیر کے نئے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے نامزد کیا ہے۔
 

منو ج سنہا کون؟

نیوز ڈیسک
 
سرینگر//یکم جولائی1959 کو اتر پردیش کے وارانسی میں پیدا ہوئے منوج سنہا نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے بی ٹیک اور ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ۔ انہوں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی سیاست میں قدم رکھاتھا۔ وہ بی ایچ یو کی طلبہ یونین کے صدر بھی رہے۔آئی آئی ٹی کرنے کے بعد انھیں کئی نوکریوں کی پیش کش ہوئی مگر انہوں نے سیاست کا انتخاب کیا۔ 1989 سے 1996 تک بی جے کی قومی کونسل کا رکن رہنے کے بعد 1996 میں پہلی بار غازی پور  اتر پردیش پارلیمانی حلقے سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے لیکن وہ 1998 کا الیکشن ہار گئے ۔ بعد ازاں 13 ماہ بعد 1999 میں ہوئے الیکشن میں دوسری بارالیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے ۔ اس کے بعد تقریباً 15 سال تک انھیں الیکشن میں کامیابی نہیں ملی۔ بی جے پی نے 2014 کا عام انتخابات مودی کی قیادت میں لڑنے کا فیصلہ کیا تو سنہا الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے اور مئی 2014 میں تشکیل پانے والی نریندر مودی سرکار میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلویز کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا اور بعد میں جولائی 2016 میں کابینہ کے دوسرے رد وبدل کے دوران انہیں مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔اترپردیش میں سال 2017 میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار فتح کے بعد منوج سنہا کو ریاست کے وزیر اعلیٰ کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا تھا تاہم بعد میں اس عہدے سے یوگی آدتیہ ناتھ کو سرفراز کیا گیا جو پانچ بار رکن پارلیمان رہنے کا اعزاز رکھتے تھے۔منوج سنہا کو سال 2019 میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار افضل انصاری نے شکست سے دوچار کردیا۔تعلیمی لحاظ سے ایک سول انجینئر سنہا سیاسی میدان میں قدم رکھنے سے قبل سکول آف پلاننگ کے جنرل کونسل کے سال 1999 سے 2000 تک ایک فعال رکن کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
 

مودی کے معتمد خاص

یو این آئی
 
نئی دہلی// نرم گو، معتدل، سادہ اور ایماندار شبیہ کے حامل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر منوج سنہا کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ سنہا وزیر اعظم نریندر مودی کے معتمد خاص رہنماؤں میں سے ایک ہیں اور مودی حکومت کی گذشتہ مدت کار میں وزیر مملکت برائے مواصلات اور ریل جیسے اہم عہدے پر فائز رہے ۔ پوروانچل کی سیاست میں بی جے پی کا اہم چہرہ سنہا طلبہ سیاست سے ابھر کر آئے ہیں ۔ سنہا پر مودی کا کافی بھروسہ ہے ۔حال ہی میں ایک میگزین میں انہیں ملک کے سات ایماندار ارکان پارلیمان کی فہرست میں شمار کیا گیا ہے۔ منوج سنہا ایک بہترین منتظم ہونے کے علاوہ عوام کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ جڑ جانے والے لیڈر کے طور پر بھی معروف ہیں۔واضح رہے کہ پہلے لیفٹیننٹ گور نر گریش چندر مرمو نے31اکتوبر2019کو جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ2019کے تحت پہلے لیفٹیننٹ گورنر کے بطور جموں وکشمیر میں انتظامی بھاگ ڈور سنبھالی تھی ۔ وہ گزشتہ10ماہ  سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔
 

مشیروں سے تبادلہ خیال

آج انتظامی سیکریٹریوں کی میٹنگ طلب

سرینگر // نئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر پہنچنے کے فوراً بعد چیف سیکریٹری اور اپنے صلاحکاروں سے میٹنگ کی ۔ انہوں نے حلف برداری کی تقریب کے فوراً مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان کی میٹنگ طلب کرلی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سرینگر پہنچنے کے فورا بعد راج بھون میں چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرا منیم، صلاح کاروں ، پولیس سربراہ اور دیگر عہدیداروں کیساتھ میٹنگ کی۔انہوں نے چاروں صلاحکاروں کیساتھ جموں کشمیر کی تازہ ترین سیاسی و سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں بی تبادلہ خیا ل کیا۔ ادھر محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا ہے کہ3بجکر 15منٹ پر نئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سبھی انتظامی سیکریٹریوں کی میٹنگ طلب کی ہے۔جو سیول سیکریٹریٹ کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوگی۔