مزید خبریں

تاریخ    5 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک

 درجہ چہارم کی اَسامیاں |  ,12,690درخواستیں موصول

 جموں//4اگست صبح تک 4,15,750اُمید واروں نے  بھرتی بورڈ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی جبکہ2,12,690 اُمید واروں نے درجہ چہارم اَسامیوں کیلئے آن لائن درخواست پیش کرنے کا عمل مکمل کیا۔بورڈ نے جے کے ایس ایس بی کے آن لائن ایپلی کیشن پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کروانے کے لئے 10 جولائی 2020 ء کو شروع ہونے کی تاریخ مقرر کی تھی ۔نیز اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی اَسامیوں کے لئے 49,560درخواستیں آن لائن جمع کروائی گئیںجبکہ یہ بات نوٹ کی گئی کہ کل 77,000منفرد اَفرادنے بورڈ کے آن لائن ایپلی کیشن پورٹل پررسائی حاصل کی۔جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے درجہ چہارم اَسامیوںکے لئے جموںوکشمیر بھرتی ( خصوصی بھرتی) قواعد 2020 کے تحت مختلف محکموںمیں ضلع صوبائی یونین ٹریٹری کیڈر کے لئے 8575 درجہ چہارم اَسامیوں کو اِشتہاری نوٹیفکیشن نمبر 1آف 2020 ،بتاریخ26.06.2020مشتہر کیا ہے۔بورڈ نے سری نگر اور جموں میں دو ہیلپ لائن اُمید واروں کی سہولیت کے لئے شروع کی ہے اور اگر کسی فرد کو درخواست پیش کرنے میں تکنیکی یاکسی وجہ سے مشکل پیش آرہی ہو توو ہ اِس ضمن میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے ssbjkgrievance@gmail.comپرمیل بھیج سکتا ہے۔
 

کلن کے لاپتہ ڈرائیور کی لاش نالہ سندھ سے برآمد

کنگن// غلام نبی رینہ//گنڈ کلن کے لاپتہ ڈرائیور کی لاش نالہ سندھ سے برآمد ہوئی ہے۔ ضلع گاندربل کے سمبل گنڈ علاقے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب لوگوں نے نالہ سندھ میں ایک لاش کو دیکھا اور فوری طور پر گنڈ پولیس کو مطلع کیا ۔پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو پانی سے  برآمد کرکے ہسپتال پہنچایا جس کے بعد اس کی شناخت بلتی محلہ کلن گنڈ کے لاپتہ ڈرائیور 28سالہ اکبر علی ولد قاسم علی کے طور ہوئی ۔مذکورہ نوجوان کے والد قاسم علی نے بتایا کہ اس کا بیٹا جوکہ پیشے سے ڈرائیورتھا اور 22جولائی کو صبح گھر سے نکلا اور جب شام تک گھر واپس نہیں لوٹا، تو انہوں نے کئی بار فون پر اُ سے رابطہ کیا لیکن اس کا فون بند تھا، جس کے بعد لواحقین میں فکرو تشویش پیدا ہوگئی۔ مذکورہ نوجوان کے والد نے مزید بتایا کہ 23جولائی کو انہوں نے اکبر علی کی گمشدگی کے بارے میں گنڈ پولیس میں ایک رپورٹ درج کی ۔ گنڈ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
 

میڈیکل کالج بارہمولہ کے معالجوں کا کارنامہ

گلے میں اٹکا جُھمکا نکال کرسہ ماہی بچے کے جان بچائی

 بارہمولہ//فیاض بخاری//میڈیکل کالج بارہمولہ میں ڈاکٹروں نے ایک تین ماہ کے بچے کے گلے میں اٹکے جھمکے کونکال کر اس بچے کی جان بچائی۔اطلاعات کے مطابق وترگام رفیع آباد کے تین ماہ کے ایک بچے کو بارہمولہ میڈیکل کالج ہسپتال میں انتہائی نازک حالت میں لایا گیا۔ بچے کے گلے میں کھیلتے کھیلتے جھمکا اٹک گیا تھا۔جس کے بعد بچے کے گلے میں سوجن اور سانس لینے میں کافی تکلیف ہورہی تھی۔اسپتال پہنچاتے ہی بچے کو فوری طور آپریشن تھیٹر میں لیا گیا جہاں ENT شعبہ کے ایسوسیٹیٹ پروفیسر ڈاکٹر شفقت اور ان کے ہمراہ  ڈاکٹروں کی ٹیم نے کافی مشقت کے بعد بچے کے گلے سے یہ جھمکا نکالا اور بچے کی جان بچ گئی۔ڈاکٹر شفقت نے کشمیرعظمی کو بتایا کہ بچے کی حالت تشویشناک تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کو سرینگر ان حالات میںبھیج دیتے، تو اس کی موت راستے میں ہی واقع ہوجاتی۔ادھر مقامی لوگوں اور بچے کے اہل خانہ نے ڈاکٹروں کے اس کارنامے کی سراہنا کی ۔
 

پاکستانی زیر انتظام کشمیر حکام نے اوڑی کی خاتون پولیس کے حوالے کی

راجوری//سمت بھارگو//پاکستان کے زیرانتظام کشمیرکے حکام نے منگل کی صبح شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی کی رہنے والی ایک خاتون کو وطن واپس لوٹادیا جسے 2019 میں لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر سے سرحد عبور کرلی تھی۔خاتون کی شناخت شمیمہ بیگم زوجہ عبدالطیف بٹ ساکن اوڑی کے طور پر ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ایل او سی اوڑی سے نادانستہ طور پر خاتون سرحد عبور کرگئی تھی جسے سرحد کے دوسری طرف حکام نے حراست میں لے لیا جہاں اس سے پوچھ گچھ کی گئی۔منگل کی دوپہر اسے واپس بھیج دیاگیا۔ایس ایس پی پونچھ رمیش کمار انگرال نے بتایا’’پونچھ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر حکام سے مذکورہ خاتون کوحاصل کیا‘‘۔انگرل نے بتایا کہ خاتون کو موصول کیاجاچکاہے اور اب اسے اوڑی بھیجاجائے گا۔
 

لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں| ہندوارہ اور اونتی پورہ میں88گاڑیاں ضبط

سرینگر//ہندوارہ اوراونتی پورہ میں پولیس نے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں88 گاڑیوں کو ضبط کیا جبکہ ماسک نہ پہننے پر 26افراد سے تیرہ ہزارروپے جرمانہ وصول کیا۔ایک بیان کے مطابق اونتی پورہ میں پولیس نے کرونالاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر34 گاڑیوں کو ضبط کیا۔اس کے علاوہ ماسک نہ پہننے والے 26 افراد پرجرمانہ عائد کرکے ان کے 13000روپے وصول کئے گئے۔ ہندوارہ میں بھی پولیس نے کورونالاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں 54گاڑیوں کوضبط کیا۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے رہنما خطوط پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
 
 
 
 

اپنی پارٹی میںدو لیڈران سمیت کئی افراد کی شمولیت

 
جموں// وادی چناب سے تعلق رکھنے والے دو لیڈران اورجموں کے کئی نوجوانوں و خواتین نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ ایک بیان کے مطابق عوامی ایکشن پارٹی کے سابق صوبائی صدر عبدالغنی شاہ اور پیپلز کانفرنس کے سابق ضلع صدر محمد سلیم ماگرے نے گذشتہ دنوں جموں میں سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ان دونوں لیڈران کا تعلق وادی چناب سے ہے جن کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے سینئرلیڈر سید اصغر علی نے امید ظاہر کی کہ چناب وادی میں پارٹی مضبوط ہوگی۔اس دوران  جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے بیان کے مطابق پارٹی کے گاندھی نگردفتر میں منعقدہ پروگرام کے دوران سینئرلیڈران کی موجودگی میں کئی نوجوان اور خواتین پارٹی میں شامل ہوئے، جن میں شیتل سنگھ، ویشال کمار، ابہے، گوتم ڈوگرہ، نیلم ، دھننجے سدن، سہرش گپتا، ڈولی دیوی، وکاس گپتا، وکاس کمار، گلشن سنگھ، کرن سنگھ، سورن سنگھ، ارجن سنگھ، شیر سنگھ، کالا رام، سندیپ سنگھ، راجیش، راہل، ریتہ دیوی وغیرہ قابل ِ ذکر ہیں۔ اس موقع پر اعجاز احمد خان، محمد دلاور میر، منجیت سنگھ، وجے بقایہ، سید اصغر علی، وکرم ملہوترہ، نمرتہ شرما، ایڈوکیٹ نرمل کوتوال، ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز کاظمی، سوہن سنگھ، آر کے للوترہ، شنکر سنگھ چب، گورو کپور، ابہے بقایہ، جوگیندر سنگھ اور ساہل وزیر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چناب وادی، پیرپنچال اور جموں میں متعدد سیاسی کارکنوں اور لیڈران کی پارٹی میں شمولیت کرچکے ہیں۔پارٹی کے مطابق جموں میںدن بہ دن سینئر سیاسی رہنما الطاف بخاری کی قیادت میں پارٹی مضبوط ہورہی ہے۔
 
 
 

کانگریس لیڈر عبدالرحمان ڈار فوت

 
سرینگر// جموں کشمیر پر دیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی کے سینئر لیڈرایڈوکیٹ عبدالرحمان ڈارکے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔پردیش کانگریس صدر جی اے میر ،سابق صدر پیرزادہ محمد سعید ، سینئر لیڈر ان تاج محی الدین ،محمد انور بٹ ،بشیر احمد ماگرے اور پارٹی کے دیگر لیڈروں نے ان کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو پارٹی کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ۔مرحوم نے 1967سے1972تک پارٹی کے کئی عہدوں پر اپنے فرایض انجام دئے ۔جی اے میر نے کہا کہ مرحوم نے پارٹی کی مضبوطی کیلئے ہمیشہ کام کیا اور مرتے دم تک پارٹی کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ۔انہوں نے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
 

تازہ ترین