بانڈی پورہ میں 2نوعمر لڑکے غرقآب

ایک لقمہ ٔ اجل ،دوسرا سرینگر منتقل

تاریخ    5 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


عازم جان
بانڈی پورہ// بانڈی پورہ کے کلوسہ گائوں میں نالہ مدھومتی میں نہانے کے دوران  2نوعمر لڑکے ڈوب گئے ، جن میں سے ایک لقمہ اجل بن گیا۔ سخت گرمی سے کچھ راحت پانے کیلئے 15سالہ سمین شبیر ولد شبیر احمدگنائی اور16سالہ فرودس احمد ساکنان نوپورہ کلوسہ بانڈی پورہ منگل کے روز نالہ مدھومتی میں نہانے کیلئے چلے گئے ۔دونوں نوعمر لڑکے نہانے کے دوران نالے میں ڈوب گئے اورپانی کاتیز بہائو دونوں کواپنے ساتھ دورتک لے گیا،اس دوران نالے کے کنارے پر دیگر بہت سارے لوگ بھی موجود تھے، جنہوں نے چیخ و پکار کی اور لوگوں نے پویس کی مدد سے بچائو کارروائی عمل میں لائی۔ غرقآب ہوئے دونوں نوعمر لڑکوں کونالے سے برآمد کرکے فوری طورپرڈسٹرکٹ اسپتال بانڈی پورہ پہنچایا گیاتاہم یہاں موجودڈاکٹروں نے ابتدائی طبی معائنہ کے بعدایک لڑکے سمین شبیر کومردہ قراردے دیا جبکہ دوسرے لڑکے کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال بانڈی پورہ، ڈاکٹر بشیر احمد تیلی کے مطابق دو بچوں کو اسپتال پہنچایا گیا جو غرقآب ہوئے تھے۔ ان میں ایک اسپتال پہنچنے کے وقت ہی مردہ تھا جبکہ دوسرے کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔غورطلب ہے کہ گزشتہ دنوں ہی ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے ایک لڑکے کے غرقآب ہوجانے کے بعدنالہ مدھومتی میں نہانے پرپابندی عائد کردی تھی ۔
 
 
 

تازہ ترین