تازہ ترین

جموں و کشمیر اور لداخ کے 15 امیدوار سول سروسز امتحانات میں کامیاب

کشمیر کے 7، جموں کے5 اور لداخ کے 3 امیدوار شامل

تاریخ    5 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// یونین پبلک سروس کمیشن کے تحت منعقد ہونے والے سول سروسز مسابقتی امتحانات سال 2019 میں جموں و کشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے 15 امیدواروں نے کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیا ہے ۔یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے منگل کے روز سول سروسز امتحانات 2019 میں کامیابی سے ہمکنار ہونے والے 829 امیدواروں کی ایک فہرست منظر عام پر لائی جس میں جموں وکشمیر کے 15 امیدوار شامل ہیں جن میں سے 3کا تعلق لداخ سے ہے۔ان میں دو خواتین امیدوار بھی ہیں۔یو پی ایس سی کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سال رواں سے سول سروسز امتحانات 2020 میں حصہ لینے والے ان امید واروں کو عمر کی حد میں کوئی تخفیف نہیں دی جائے گی جو جموں وکشمیر کے سال 1980 سے 1989 کے ڈومیسائل ہوں۔مسابقتی امتحانات میں جموں وکشمیر کے 15 نوجوانوں میں سے3کا تعلق لداخ، 5جموں کے اور 7 کاتعلق کشمیر سے ہے جن میں کپوارہ کی23سالہ طالبہ بھی شامل ہیں ۔کامیاب طلبہ میںوادی سے تعلق رکھنے والے آصف یوسف تانترے (328) ہبلش دیوسر کولگام( ٹیچر)،نادیہ بیگ (رینک 350) ساکن پنزوہ کپوارہ ، آفتاب رسول (رینک412)ساکن ترہگام کپوارہ ، سبزار احمد گنائی (رینک628) ساکن کنڈی گائوں گیبوم کوکرناگ،ماجد اقبال خان (رینک 638) ساکن شانگس اننت ناگ ، رئیس حسین گریز( بانڈی پورہ) (رینک747)، سید جنید عادل (رینک822) ، جموں کے ابھیشیک آگستسیا(رینک۔38) ، سنی گتا (رینک148)، دیو اہوتی(رینک177) ساکنان جموں ، پارتھ گپتا منجہ کوٹ (رینک 240) ،اسرار احمد کچلو بھدرواہ (رینک 248) ،نامگیال انگمو (رینک323) ،ستن زین ونگال لیہہ(رینک 716) ،محمد نواس شریف الدین کرگل (رینک 778)شامل ہیں ۔کپوارہ کی23سالہ طالبہ نادیہ بیگ کے والدین سرکاری اساتذہ ہیں جبکہ انہوں نے اکنا مکس (اونرس) میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی سے گریجویشن کی ہے ۔نادیہ نے یو پی ایس سی امتحانات میں دوسری مرتبہ کوشش کرکے کامیابی حاصل کی ۔پنزوا کپوارہ سے تعلق رکھنے والی نادیہ بیگ نے کہا ’میرے پاس اس وقت اپنے جذبات کا اظہار کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں ‘۔ان کا کہناتھا کہ 12ویں جماعت پاس کرنے کیساتھ ہی انہوں نے یو پی ایس سی امتحانات میں کامیابی کا عزم کر رکھا تھا ۔انہوں نے 12ویں جماعت تک کپوارہ کے سرکاری اسکول سے تعلیم حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کیلئے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں داخلہ لیا اور سال2017میں گر یجویشن مکمل کی ۔نادیہ کی دو بہنیں سکمز سے ایم بی بی ایس کررہی ہیں جبکہ اُنکے بھائی نے بی بی ایمکمل کر لیا ہے جبکہ وہ یو پی ایس سی امتحانات کی تیاری کررہے ہیں ۔
 

لیفٹنٹ گورنر کی مبارکباد 

نیوز ڈیسک
 
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کے اُمیدواروں کو سول سروس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مبارکباد پیش کی ۔اپنے ایک مبارکبادی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کامیاب اُمیدواروں کو اعلیٰ کارکردگی کیلئے اظہار تہنیت کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرایض تندہی ، لگن اور خلوص سے انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اُن کی کوششوں اور محنتِ شاقہ کا نتیجہ ہے اور ان کیلئے مستقبل میں بھی مزید کامیابی کی تمنا ظاہر کی ۔