تازہ ترین

لاک ڈائون کی خلاف ورزی

خلاف ورزی کرنے کے جرم میں1لاکھ روپے جرمانہ وصول

تاریخ    30 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //انتظامیہ نے کووڈ 19 کے سلسلہ میں دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد پر شکنجہ کسنے کا عمل جاری رکھا ہے۔ ڈوڈہ کے سب ڈویژن گندوہ میں پچھلے دو ہفتوں سے سیول و پولیس انتظامیہ نے مشترکہ طور پر ماسک نہ پہننے و گاڑیوں میں سفر کے دوران کوتاہی برتنے پر دو سو افراد کا چالان کر کے ایک لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔ ایس ڈی ایم گندوہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایات پر کووڈ 19 سے محفوظ رکھنے کے لئے بتائی گئی حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے پر انتظامیہ نے مختلف ناکوں کے دوران دو سو افراد کے خلاف چالان کیا گیا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک پہننے کو معمول بنائیں اور سماجی دوری کا خاص خیال رکھتے ہوئے سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ دریں اثناء ایس ڈی ایم نے ایس ایچ او ارون شرما کے ہمراہ ملکپورہ و گندوہ میں ایماء مساجد و بیوپار منڈل کی میٹنگ طلب کی جس دوران انہوں نے عید الاضحٰی و جمعہ کے روز لاک ڈائون کا سختی سے نفاذ کریں۔ انہوں نے ایماء مساجد پر زور دیا کہ وہ لوگوں سے اپنے گھروں میں ہی رہنے کی اپیل کریں۔
 

تازہ ترین