عوامی مجلس عمل حلقہ صدر صفاکدل حاجی عبدالرحمن لون کا انتقال

تنظیمی اراکین کی نماز جنازہ میں شرکت

تاریخ    29 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


سرینگر// عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے ایک بزرگ اور سینئر رہنما علاقہ صفاکدل کے حلقہ صدر حاجی عبدالرحمن لون سکونت گندر پورہ عیدگاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔مرحوم کی نماز جنازہ میں میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق (جو گزشتہ ایک سال اپنے ہی گھر میں نظر بند رکھے گئے ہیں) شرکت نہیں کرسکے جبکہ تنظیم کی جملہ قیادت ب محمد شفیع خان، مشتاق احمد صوفی، اور غلام قادر بیگ کی قیادت میں تنظیم کے علاقائی اور مقامی صدور اور کارکنوںکی بڑی تعداد کے علاوہ علاقہ بھر کے لوگوں نے شرکت کی اور مرحوم کو پُر نم آنکھوں سے سپرد خاک کیاجبکہ نماز جنازہ کی پیشوائی جامع مسجد سرینگر کے امام مفتی غلام رسول سامون نے انجام دی۔ حاجی عبدالرحمن لون نے مہاجر ملت، مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ ؒ کے آخری دور میں مسلم کانفرنس کے بینر تلے اور پھر اس کے بعد شہید ملت میرواعظ مولانا محمد فاروق کی قیادت میں عوامی مجلس عمل کے قیام میں شانہ بشانہ کھڑے رہے اورموجودہ سربراہ تنظیم میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کے ہمراہ پورے علاقے میں تنظیمی اور تحریکی پروگراموںکو آگے بڑھانے میں گرانقدر اور نمایاں خدمات انجام دیئے۔ تنظیم نے مرحوم کی وفات کو ایک بڑا  سیاسی، دینی اور سماجی خلاقرار دیتے ہوئے  نصف صدی پر محیط مرحوم کی بے لوث اور مخلصانہ خدمات کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے تنظیم، تحریک اور میرواعظ خاندان کے تئیں اُنکی اٹوٹ وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔

تازہ ترین