تازہ ترین

پونچھ میں 14 نئے معاملات | جموں کشمیر بنک شاخ لورن کا ملازم بھی شامل

تاریخ    27 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ میں اتوار کوکورونا وائرس کے 14 نئے معاملات سامنے آئے جس کے ساتھ ہی کل تعداد 184 ہوگئی ہے۔اتوار کو 14 مزید افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا پایاگیا جن میں سے 12کا سفری پس منظر ہے جبکہ دو میں سے ایک بینک ملازم ہے اور دوسرے کا تعلق پولیس محکمہ سے ہے۔ ضلع کے 184 مثبت معاملات میں سے ابھی تک137 لوگ اس بیماری سے شفایاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ46 لوگ ابھی بھی متحرک ہیں۔ضلع میں ایک مریض کی موت بھی ہوئی ہے۔وہیںتحصیل منڈی کے علاقہ لورن کے بینک ملازم کو کورونا مثبت پایا گیا ہے جس کی وجہ سے جموں کشمیر بینک کی شاخ کو بھی انتظامیہ کی جانب سے سیل کر دیا گیا۔اتوارکو جموں کشمیر بینک شاخ لورن کے ایک ملازم کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا جس کی وجہ سے بنک شاخ کو نائب تحصیلدار لورن اور ایس ایچ او لورن کی سربراہی میں سیل کر دیا گیا اورمذکورہ ملازم کے رابطہ میں آئے افراد کی تلاش بھی کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے بھی ایک ٹوئٹ کر کے مذکورہ ملازم کے رابطہ میں آنیوالے لوگوں سے کہا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر کے اپنے آپ اور اپنے سماج کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔دریں اثنا انتظامیہ کی جانب سے لورن بس اڈہ اور قریبی علاقہ جات کو آمد ورفت کے لئے بند کر دیا ہے۔ ایس ایچ او لورن بشیر کوہلی نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لورن جموں کشمیر بینک شاخ کے ایک ملازم کو کورونا مثبت پایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک شاخ کو انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور لورن بس اڈہ اور سیب علاقہ کو لوگوں کی آمد ورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
 

تازہ ترین