تازہ ترین

سبسڈی والا ایل پی جی سلنڈرایک سال میں 100روپے مہنگا ہوا

تاریخ    27 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی//ایل پی جی سلنڈرپر گذشتہ ایک سال میں سبسڈی میں مسلسل کمی کی وجہ سے اس عرصے کے دوران سبسڈی والا سلنڈر 100 روپے مہنگا ہوگیا اورسبسڈی صفر رہ گئی۔گذشتہ سال جولائی میں قومی دارالحکومت دہلی میں 14.2 کلووالا ایل پی جی سیلنڈر کی مارکیٹ قیمت یعنی غیر سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت 637 روپے تھی جو اب گھٹ کر 594 روپے ہوگئی ہے ۔ اس کے باوجود اس عرصے کے دوران سبسڈی والا سلنڈر 100 روپے مہنگا ہوگیا اور اس کی قیمت 494.35 روپے سے بڑھ کر 594 روپے ہوگئی۔حکومت کی جانب سے سبسڈی میں بار بار کٹوتی کی وجہ سے اس سال مئی سے سبسڈی اورغیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر ایک جیسے ہوگئے ہیں۔ اس سال مئی ، جون اور جولائی میں ، صارفین کو کوئی سبسڈی نہیں ملی ہے ۔مودی سرکار کی پہلی مدت کے دوران یہ اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ حکومت آہستہ آہستہ ایل پی جی سلنڈروں پر سبسڈی ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان سے جب بھی اس سلسلہ میں پوچھا گیا تووہ اس سے انکار کرتے رہے ۔دوسری طرف حکومت نے گزشتہ ایک سال میں سبسڈی میں مسلسل کمی کی ہے ۔ جولائی 2019 میں سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر 494.35 روپے اور سبسڈی والا سلنڈر 637 روپے کا تھا۔ اکتوبر 2019 میں سبسڈی والا 517.95 روپے اور غیر سبسڈی والا سلنڈر 605 روپے کا ہوگیا ۔