۔98سالہ خاتون نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ جیت لی

تاریخ    26 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


راجوری //سمت بھارگو //سرحدی ضلع راجوری میں متعدد فریکچروں کے باوجود ایک 98سالہ خاتون نے کووڈ 19کو شکست دے دی ہے جس کے بعد خاتون کی ہسپتال سے چھٹی کر دی گئی ہے ۔تحصیل کالاکوٹ کی خاتون میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد زیر علاج رکھا گیا تھا تاہم ان کی مکمل صحتیابی کے بعد ہسپتال سے چھٹی کر دی گئی جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ نے بزرگ خاتون کے ٹھیک ہونے کو متاثر کن کہا ہے ۔حاکم بی عمر 98برس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری میں لگ بھگ دو ہفتے قبل مکان کی چھت سے گر کر کئی فریکچر آنے کے سلسلہ میں داخل کروایا گیا تھا ۔خاتون کی سرجری کیلئے اس کے خون کا ٹیسٹ کیا گیا جس کے دوران اس کا ہیموگلوبن کم ہونے کی وجہ سے خاتون کو ادویات فراہم کر کے گھر بھیج دیا گیا تھا تاکہ سرجری کیلئے اس کا خون پورا ہو سکے ۔خاتون کی جانچ کے سلسلہ میں دیگر ٹیسٹوں کیساتھ ساتھ کووڈ ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا جو کہ اگلے ہی دن مثبت آگیا تھا جس کی وجہ سے خاتون کو ایک علیحدہ وارڈ میں دوبارہ سے زیر علاج رکھا گیا جوکہ گزشتہ دوہفتوں سے زائد عرصہ تک زیر علاج رہنے کے بعد کووڈ ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔سنیچر کو خاتون کو ہسپتال سی چھٹی دے دی گئی ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیر سنگھ اور شعبہ صحت کے آفیسران و ڈاکٹر بھی موجود تھے ۔بزرگ خاتون کی صحتیابی کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے کہاکہ اس معاملہ سے لگتا ہے کہ کسی بھی شخص کو وائرس سے ڈرنے کی کوئی ضرور ت نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرور ت ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں ایک ڈیڑھ سالہ بچی نے کووڈ کو شکست دے دی تھی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں ہفتے وار لاک ڈائون لاگو کیا گیا ہے جو کہ پیر کی صبح تک جاری رہے گا ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ۔
 

تازہ ترین