’اپنا پلازمہ عطیہ کریں‘

پولیس سربراہ کی شفایاب لوگوںسے اپیل

تاریخ    24 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یواین آئی
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد سے اپناپلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صحت مند شخص، جو کورونا میں مبتلا ہو چکا ہو، پلازمہ عطیہ کرسکتا ہے۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اپ لوڈ کئے گئے ایک ویڈیو میں پولیس سربراہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے،’’'ہر صحت مند آدمی، جو کورونا وائرس میں مبتلا تھا اور اب بالکل ٹھیک ہوچکا ہے، اپنا ٹیسٹ منفی آنے کے چودہ دن بعد وہ خون کا عطیہ دے سکتا ہے جس میں سے پلازمہ نکال کر کورونا سے متاثرہ ضرورت مند مریض کو دیا جائے گا۔ حاملہ خواتین اور کسی طرح کی بیماری میں مبتلا افراد پلازمہ عطیہ نہیں کرسکتے ہیں‘‘۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس اور محکمہ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن کی طرف سے بدھ کے روز یہاں گپکار میں واقع کشمیر نرسنگ ہوم کے صحن میں ایک پلازمہ سکریننگ کیمپ منعقد کیا گیا جس میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے درجنوں لوگوں نے رضاکارانہ طور پر پلازمہ عطیہ کرنے کے لئے سکریننگ کرائی۔ اس پہل کے دوران کووڈ- 19سے شفایاب ہوئے پولیس اہلکاروں نے اپنا پلازمہ رضاکارانہ طور عطیہ کیا۔اس سلسلے میں آئی آر پی 11ویں بٹالین کے کانسٹیبل ذولفقارعلی نے محکمہ سماجی بہبود کے سپیشل سیکریٹری تصدق جیلانی ،جو جے وی سی اسپتال میں زیرعلاج ہیں،کیلئے اپنا پلازمہ عطیہ کیا۔ دوسری جانب شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سری نگر کے ناظم ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا ہے کہ حکومت کی اجازت سے وہ ایک پلازمہ بینک قائم کرنے جا رہے ہیں تاکہ کورونا میں مبتلا زیادہ سے زیادہ مریض اس طریقہ علاج سے استفادہ کر سکیں۔ 
 

تازہ ترین