فورلین شاہراہ اور کشمیر ریل پروجیکٹ پر کام معطل کرنے کا حکم

تعمیراتی کمپنیوں کو ورکروں کی سو فیصدی ٹیسٹنگ کی ہدایت،منفی رپورٹ کے بغیر داخلہ ممنوع

تاریخ    23 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


محمد تسکین
بانہال //کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکام نے  سرینگر جموں شاہراہ کوفور لین شاہراہ بنانے اور کشمیر ریل پروجیکٹ کاکام معطل کردیاہے جبکہ تعمیراتی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ورکروں کے سوفیصدی ٹیسٹ کویقینی بنائیں اور بیرون جموں وکشمیر سے اُسی ورکر کو لایاجائے جس کا ٹیسٹ منفی ہو۔منگل کی شام تک ضلع رام بن میں کوروناکے وبائی وائرس سے متاثرین کی تعداد 419تک پہنچ گئی تھی اور متاثرین میں جموں سرینگر فورلین شاہراہ اور کشمیر ریلوے پروجیکٹ پر تعمیراتی کمپنیوں کے ورکروں کی ایک بڑی تعداد  ہونے کی وجہ سے بدھ کے روز سے فورلین شاہراہ اور کشمیر ریل پروجیکٹ پر جاری کام کو فوری طور سے معطل کر دینے کا حکم جاری کیا گیا۔  بدھ کے روز ضلع مجسٹریٹ رام بن ناظم زئی خان کی طرف سے جاری ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں کووڈ19 سے متاثرہ مثبت افراد کے کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ان میں ضلع میں کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں میں کام کرنے والے ورکروں کی تعداد بھی قابلِ ذکر ہے۔ انہوںنے شمالی ریلوے ، ارکان انٹرنیشنل اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں پر فوری طور پر جاری تعمیراتی کام کو بند کر دیں اور تعمیراتی کمپنیوں کے تمام ورکروں کے کووڈ ٹیسٹ کرنے اور ہیلتھ کارڈ بنانے کے کام کو سو فیصدی یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں تعمیراتی کمپنیوں کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ چیف میڈیکل افسر را م بن اور تمام بلاک میڈیکل افسروں سے تعاون کریں تاکہ تعمیراتی کمپنیوں کے ورکروں کی سو فیصدی ٹیسٹنگ کی جاسکے۔ اپنے حکم میں ناظم زئی خان نے مزید کہاکہ بیرونی ریاستوں سے آنے والے ورکروں کو کووڈ منفی ٹیسٹنگ کے بعد ہی ضلع میں قائم فورلین شاہراہ اور ریلوے تعمیراتی کمپنیوں کے کیمپوں میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے فورلین شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کو بغیر کسی خلل کے جاری رکھنے کیلئے تعمیراتی کمپنیوں کو شاہراہ کے اہم مقامات پر مشینری اور آپریٹروں کو حاضر رکھنے کا حکم دیا اور اس سلسلے میں پولیس اور سول انتظامیہ کو عملدرآمد کیلئے کہا گیا۔ اس دوران بانہال اور اس کی تمام مارکیٹوں بشمول نیابت ٹھٹھاڑ میں لاک ڈائون کا نفاذ پچھلے دوہفتوں سے جاری ہے جس کی وجہ سے یہاں معمولات زندگی متاثر ہے۔ صدر بیوپار منڈل بانہال خواجہ شمس الدین راہی اور بیوپار منڈل صدر ریلوے سٹیشن فیاض احمد ریشی نے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ بانہال ظہیر عباس سے  مطالبہ کیا ہے کہ عید الاضحی کی آمد کو نظر میں رکھ کر عوام کی سہولیات کیلئے مارکیٹ کھولنے کیلئے طریقہ کار طے کریں۔ مارکیٹ کھولنے اور لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے ایسی ہی اپیل بانہال کے معروف سماجی کارکن شبیر احمد میر نے بھی کی ہے۔ انہوں نے عوام کو احتیاط برتنے کی بھی اپیل کی۔

تازہ ترین