بگا مہور میں حادثہ، گاڑی دریا بُرد | 2بھائیوں سمیت 3 افراد لقمۂ اجل

تاریخ    22 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


زاہد ملک
مہور//بگامہور میںایک دلدوز سڑک حادثہ میں2 بھائیوں سمیت 3 نوجوان لقمۂ اجل بن گئے ۔لقمہ اجل بننے والے افراد میں ایک نوجوان کی چند روز بعد شادی ہونے والی تھی۔ ٹائگو کار میں سوار یہ 3 افراد سب ڈویژن مہور کے بدر علاقہ سے مہور کی جانب آرہے تھے کہ بگا کے مقام پر گاڑی قابو سے باہر ہوکر کئی سوفٹ نیچے دریا میں جاگری جس کے نتیجہ میں22 سالہ بشیر احمد ولد قمر دین اور 22 سالہ محمد ایوب ولد نذیر احمد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بنے جبکہ 18 سالہ محمد اقبال ولد نذیر احمد شدید طور زخمی ہوا جس کو مقامی لوگوں نے فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر مہور پہنچایا جہاں سے اسے ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی زندگی کی جنگ ہار گیا۔اس دوران منشی محمد مقبول کی قیادت میں پولیس ٹیم اور مقامی لوگوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نعشوں کو دریا سے نکالا۔واضح رہے کہ تینوں نوجوان مہور کے بدر گائوں کے رہنے والے تھے جن میں سے دو حقیقی بھائی اور ایک ان کا چچازادبھائی تھا۔یہ خبر جب بدر گائوں میں پہنچی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی ۔محمد ایوب اور محمد اقبال والدین کے دو ہی بیٹے تھے جنہوں نے والدین اور اپنی چار بہنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ محمد ایوب کی چند روز بعد اب شادی بھی ہونے والی تھی اور بشیر احمد نے بھی والدین اور ایک بھائی اور چار بہنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
 

تازہ ترین