گول میں قتل کی سنسنی خیز واردات | طلاق کے مرحلے سے گزر رہے خاوند نے بیوی پر ٹرک چڑھادیا

تاریخ    20 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے گول علاقے میں ہفتے کے دن پیش آئے ایک دلخراش واقعہ ایک 23 سالہ خاتون کو اس کے سابقہ شوہر نے اپنے ٹرک کی زد میں لاکر موقعہ پر ہی ہلاک کر ڈالا۔ اس سلسلے میں پولیس نے قتل اور سازش کا مقدمہ درج کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جوڑے کے حال ہی میں عدالت کے ذریعہ سے طلاق کے بارے میں معاملات طے ہوئے اور ہفتے کے روز خاتون کی مانگ پر اسلامی شریعت کے مطابق بھی طلاق کے معاملے پر بات چیت ہوئی جس کے بعد23 سالہ مہلوک خاتون خالدہ بیگم دختر جاوید احمد شان  اپنے والد کے گھر کی طرف آرہی تھی کہ اس دوران اس کے شوہر ٹرک ڈرائیور محمد صادق ملک ولد محمد ملک نے پیچھے سے اس پر ٹرک چڑھا کر موقعہ پر ہی سفاکی سے مار ڈالا ۔ مہلوک خاتون کے رشتہ داروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ملزم نے ٹرک سے کچلنے کے بعد ٹرک سے اتر کر اس کی موت کی تصدیق کے بعد خود کو پولیس اسٹیشن گول میں خودسپردگی کی۔ انہوں نے کہا کہ قریب 6 سال پہلے ان کی شادی ہوئی تھی اور 3 میں سے انکی 2 بیٹیاں حیات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ملزم خالدہ کے ساتھ مبینہ مارپیٹ کرتا تھا اور اسی وجہ سے اسے طلاق لینی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ خالد کے والدین کی 8بیٹیاں ہیں جبکہ خالدہ خود 2 بیٹیوں کی ماں تھی  اور ان میں سے چھوٹی بیٹی لگ بھگ 14مہینے کی ہے۔ ایس ایچ او گول نعیم الحق متو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میاں بیوی میں حال میں عدالت کے ذریعہ طلاق کا معاملہ چل رہا تھا اور سنیچر کو جان بوجھ کر کئے گئے قتل کی یہ واردات اسوقت پیش آئی جب دونوں فریقوں میں طلاق کے مزید معاملات طے کرنے پر بات چیت ہو رہی تھی اور واپس اپنے گھر واقع جمن گول کی طرف لوٹ رہی خالدہ کو اس کے 30سالہ شوہر محمد صادق ملک نے پیچھے سے اسے ٹرک کی زد میں لاکر موقعہ پر ہی ہلاک کر ڈالا اور وہاں گول مہور سڑک پر موجود لوگ خاتون کے بچاؤ کیلئے دوڑے مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا کر موقعہ پر ہی دم توڑ چکی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد ملزم محمد صادق ملک نے خود کو پولیس کے حوالے کیا اور گول اسٹیشن پولیس نے دفعہ 302 اور 109 انڈین پینل کوڈ کے تحت قتل اور سازش کا کیس درج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ضروری کاغذی اور قانونی لوازمات کے بعد مختلف زاویوں سے اس سفاکانہ اور بظاہر بدلے میں کئے گئے قتل کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے اور اتوار کے روز میت کو ورثا کے سپرد کرنے کے بعد اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
 

تازہ ترین