جو بائیڈن، بارک اوبامہ اور بل گیٹس کے ٹوئٹر اکاﺅنٹس ہیک

تاریخ    16 جولائی 2020 (07 : 10 AM)   
(Representational Pic)

یو این آئی
واشنگٹن // امریکہ کے ممکنہ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، بارک اوبامہ، ارب پتی بل گیٹس اور ریپر کین ویسٹ سمیت دنیا کے ایک درجن سے نامور ترین شخصیات کے ٹوئٹر اکاﺅنٹس ہیک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
یہ واقعہ کل شام کا ہے جس میں شائع ہونے والی ٹوئیٹس میں 'بٹ کوائن' کی صورت میں عطیات مانگے گئے تھے۔
ٹوئٹر نے ایک اِی میل میں بتایا ہے کہ معاملے پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد ہی اس پر تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔
فوری طور پر معاملے کی نوعیت اور واضح اسباب کا پتہ نہیں لگ سکا ہے لیکن مسئلے کی سطح اور تناسب سے لگتا تھا کہ معاملہ کسی ایک اکاﺅنٹ یا ایک سروس تک محدود نہیں ہے۔ یہ اطلاع وائس آف امریکہ نے دی ہے۔
اس کی وجہ سے شیئر مارکیٹ کاروبار بند ہونے پر ٹوئٹر کے حصص میں تقریباً چار فی صد کی کمی واقع ہو چکی تھی۔
میڈیا کے مطابق چند ٹوئیٹس کو فوری طور پر ڈیلیٹ کیا گیا، لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ اکاﺅنٹس پر پھر سے قبضے کی کوششیں جاری تھیں۔
ٹیسلا کے ارب پتی سربراہ، ایلون مسک کے معاملے میں 'کرپٹو کرنسی' سے متعلق ٹوئیٹ کے مطالبے کو پہلے ڈیلیٹ کیا گیا، لیکن کچھ ہی دیر میں اسی موضوع پر ایک اور ٹوئیٹ سامنے آیا۔
امیزون کے بانی جیف بزوز اور اوبر اور ایپل کے کارپوریٹ اکاﺅنٹس بھی متاثر دکھائی دیے۔
بائیڈن کی انتخابی مہم کے ترجمان سے بیان لینے کی کوشش کی گئی، لیکن انھوں نے فوری رد عمل ظاہر نہیں کیا؛ جب کہ ٹیسلا بیان دینے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
 

تازہ ترین