تازہ ترین

ایل جی نے محکمہ تعلیم کے15 بنیادی ڈھانچوں کا ای۔ اِفتتاح کیا

تعلیمی اصلاحات کیلئے کوششوں میں سرعت لانے پر زور

تاریخ    14 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے محکمہ تعلیم کے 15 اہم بنیادی ڈھانچہ پروجیکٹوںکا اِی۔ اِفتتاح کیا۔ اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعلیم ، ناظمین تعلیم جموں / کشمیر ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ شکھشا جموںوکشمیراور دیگر اعلیٰ اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ تقریب میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر میں تعلیمی نظام میں اصلاحات لانے کے لئے کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ اِس شعبے میں جامع ترقی یقینی بنائی جاسکے ۔اُنہوں نے تعلیم کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کو ہر علاقے بالخصوص دُور دراز علاقوں میں اوّلین ترجیح دینے کے لئے کہا اور تمام متعلقین کو جموںوکشمیر میں تعلیمی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے لازمی اِقدامات کرنے کے لئے بھی کہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سکولوں کے بنیادی ڈھانچہ نظام میں بہتری لانے کی اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سرکاری سکولوںمیں سہولیات میں بہتری لانے کے لئے وسائل کا بھرپور اِستعمال کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہاکہ سکول نوجوانوں کی کلہم ترقی کا مرکز ہے اور ہمیں یہ بات جان لینی چاہیئے کہ جب ہم سکول میں ایک بچے کی پرداخت کر رہے ہیں تو ہم ملک کے مستقبل کی نشو و نما کر رہے ہیں۔اُنہوںنے نئے تعمیر کئے گئے بنیادی ڈھانچوں کا فوری اِستعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اِن پروجیکٹوں کو دیہی علاقوں میں قائم کیا گیا اثاثہ قرار دیا جس سے واقعتا تعلیمی شعبے میں معیاری بہتری یقینی بنے گی۔ اُنہوں نے اِلتوأ میں پڑے پروجیکٹوں اور بی 2 وی منظور شدہ کاموں کو فوری طور ہاتھ میں لے کر ان کی تیز تر تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔14.7 کروڑ روپے سے نئے اِفتتاح کئے پروجیکٹوں میں اتھولی پڈر کشتواڑ میں 100بستروں پر گرلز ہوسٹل کی تعمیر، پلن گر راجوری میں 100 بستروں والا گرلز ہوسٹل ، تھیرو گاندربل میں10 کلاس روموں پر مشتمل ہائی سکول عمارت، گوری پورہ سرینگر میں 10کمروں پر مشتمل ہائی سکول عمارت ، پنچکرواڑی سرینگر میں کستوربہ گاندھی بالیکا ودھیالیہ ،راجوری میں ماڈل گرلز ہائیر سکینڈری سکول ، پونچھ میں گورنمنٹ ہائی سکول شاہ پورہ کے لئے آرٹ، کرافٹ کمپیوٹر رومز، راجوری ساج میں ہائیر سکینڈری سکول کے لئے اقامتی سہولیت ، گورنمنٹ ہائی سکول ڈورو اننت ناگ عمارت ، گورنمنٹ مڈل سکول ہنومان پورہ اننت ناگ کی عمارت ، ارناس ریاسی میں کے جی بی وی عمارت ، لدر ون کپواڑہ میں ہائیرسکینڈری سکول کے لئے اضافی بلاک ، اودھمپور میں ماڈل گرلز ہائیر سکینڈر سکول کے لئے چارکمروں پر مشتمل عمارت،گڈ دھما اودھمپور میںہائیر سکینڈری سکول کے لئے 8کمروں پرمشتمل عمارت ، دلوہ رام بن میں 08 کمروں پر مشتمل عمارت شامل ہیں۔ ا ن پروجیکٹوں کی تعمیر سماگراہ شکھشا، جے کے آئی ڈی ایف سی اور کیپکس کے تحت عمل میں لائی گئی۔