تازہ ترین

بورڈ امتحان کے نصاب میں کمی لائی جائے: محمد اشرف میر

سونہ وار اسمبلی حلقہ کے اپنی پارٹی کے ورکروں کا اجلاس

تاریخ    12 جولائی 2020 (30 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی سنیئرلیڈر اور سابقہ وزیر محمد اشرف میر نے جموں وکشمیر حکومت سے کہا ہے کہ اسکول خاص طور سے بورڈ امتحان کے نصاب میں تخفیف کی جائے تاکہ کویڈ19ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طلبا پردباؤ کم ہو۔پارٹی دفتر لال چوک میں سونہ وار اسمبلی حلقہ کے ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر نے کہاکہ اسکولی نصاب میں کمی لانے کا مقصد کویڈ ہنگامی صورتحال کی وجہ سے طلبا میں امتحان سے متعلق اضطراب کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ طلبا کے خدشات کودور کیاجائے جو 18 مارچ سے کوویڈ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اسکول نہیں جاسکے۔ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کو چاہئے کہ فوری  10 ویں ، 11 ویں اور 12 ویں کلاسوں کے نصاب میں فوری کمی لائی جائے۔ اسی طرح اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کو بھی دیگر چھوٹی کلاسز کے طلبا کے مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے طریقہ کار وضع کرنا چاہئے۔میرنے کہاکہ ورچول کلاسز کبھی بھی باضابطہ اور منظم اسکولنگ کا متبادل نہیں ہوسکتی ہیں جہاں طلباء اُساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیال سے سیکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ موبائل انٹرنیٹ کی سست رفتار کے دوران مختصر مدت میں آن لائن کلاسز کے ذریعے طلباء نصاب کا سبھی حصہ مکمل نہیں کرسکتے۔اجلاس سے اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری کے علاوہ غلام حسن میر، عثمان مجید، عبدلمجید پڈرو، رفیع احمد میر، نور احمد شکیل ، منتظرمحی الدین، عرفان نقیب، غلام محمد میر، جیلانی کمار، ہارون رشید، خورشید ملک اور دیگر لیڈروں نے بھی خطاب کیا۔