۔1898میں قائم سری پرتاپ لائبریری

کتابوں کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور

تاریخ    11 جولائی 2020 (45 : 02 AM)   


 سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے جمعہ کوایس پی ایس لائبریری سرینگر کا دورہ کیا تاکہ قارئین کو دستیاب سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی جا سکے ۔مشیرنے لائبریری احاطے میں ریڈنگ روم ، سینئر سٹیزنز سیکشن کے علاوہ بچوں کی گیلری کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ کہ وہ طلباء اور قارئین کیلئے درکار کتابوں اور دیگرمواد کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔لائبریری کے اپنے دورے کے دوران مشیر کا کہنا تھا کہ یہ اسکالروں اور محققین کے لئے ایک بہت بڑا اثاثہ اور انکیوبیشن سینٹر ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس کے مناسب کام اور دیکھ بھال کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لائبریری کے مناسب کام کے لئے انجینئرنگ کا کوئی بھی کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ایس پی ایس لائبریری ، جو سن 1898 میں قائم ہوئی ، انگریزی ، اردو ، عربی ، فارسی ، سنسکرت ، کشمیری ، ہندی اور پنجابی زبانوں میں کتابوں کا مجموعہ رکھتی ہے۔ اس میں فارسی ، سنسکرت ، عربی اور اردو میں بھی 74 مخطوطات کا مجموعہ ہے۔ ایس پی ایس لائبریری کو ملک بھر کی 8 قدیم لائبریریوں میں شمار کیا جاتا ہے۔مشیر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس سہولت کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کریں ،تاکہ مقامی لوگوں میں پڑھنے کی عادات کی حوصلہ افزائی کے علاوہ قارئین اس مقام کی طرف راغب ہوں۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ شیخ ارشادنے لائبریری کے کام کاج اور جدید خطوط پر اس کی اپ گریڈیشن کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔
 
 

تازہ ترین