تازہ ترین

بالاکوٹ شلنگ میں زخمی دوسری خاتون

اسپتال میں دم توڑ بیٹھی

تاریخ    10 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


جاویداقبال
مینڈھر//مینڈھر کے بالاکوٹ علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہوئی بھاری شلنگ کی زد میں آکر زخمی ہونیوالی معمر خاتون جموں میں دوران علاج دم توڑ گئی ۔اس طرح سے اس واقعہ میں 2معمر خواتین کی ہلاکت ہوئی ہے ۔قبل ازیں ایک خاتون موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگئی تھی ۔60سالہ حاکم بی زوجہ محمد شریف ساکن لنجیوٹ بالاکوٹ کو شدید زخمی حالت میں راجوری سے گورنمنٹ میڈیکل و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاتھا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی ۔واضح رہے کہ یہ خواتین منگل اور بدھ کی درمیانی شب 2بجے اس وقت سرحدی کشیدگی کی بھینٹ چڑھ گئیں جب بھاری شلنگ کو دیکھتے ہوئے وہ اپنے مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کررہی تھیں ۔یہ خواتین مویشیوں کو باہر سے اندر منتقل کرکے جونہی اپنے دروازے پر پہنچیں تو ایک مارٹر شیل نزدیک میں آن گراجس کی زد میں آکر ایک کی موقعہ پر ہی موت ہوئی جبکہ دوسری شدید زخمی ہوئی۔65سالہ ریشم بی زوجہ محمد اعظم ساکن ساگرہ حال بالاکوٹ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئی جبکہ حاکم بی شدید زخمی ہوئی جسے مقامی لوگوں نے نزدیکی طبی سنٹر دھار گلون منتقل کیاجہاں سے اسے راجوری ریفر کیاگیا اورپھر بعد میں اسے جموں بھیج دیاگیاہے اور وہیں اس نے دم توڑ دیا۔