سبکدوش ایس آر ٹی سی ملازمین کا پریس کالونی میں احتجاج

ریٹائرمنٹ کے تحت حاصل مراعات کا مطالبہ

تاریخ    10 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سے گزشتہ2برسوں کے دوران سبکدوش ہوئے ملازمین نے سبکدوشی کے تحت حاصل مراعات کے مطالبے کو لیکر کل پریس کالونی میں احتجاج کیا ۔ جمعرات کو بیسوں ایسے ملازمین جمع ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اپریل2019سے جو بھی ملازمین ایس آر ٹی سی سے سبکدوش ہوئے، انہیں ریٹائرمنٹ کے تحت حاصل مراعات نہیں دیے گئے۔احتجاجی سبکدوش ملازمین نے کہا کہ نا ہی انکی ’’ رخصتی سے متعلق تنخواہ‘‘ اور گریجوٹی کو بھی تک واگزار نہیں کیا گیا۔احتجاجی سابق ملازمین میں شامل الطاف حسین مکایہ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے سال گزشتہ کے دوران سی پی فنڈ جمع نہ کرنے کے نتیجے میں انکا سی پی فنڈ بھی واگزار نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سبکدوش ملازمین ہے اور انہیں سبکدوشی کے بعد پینشن کی سہولیات بھی حاصل نہیں ہے جبکہ آمدنی کا بھی کوئی ذریعہ نہیں ہے۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ اس صورتحال میں انہیں ریٹارئمنٹ سے متعلق مراعات سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی پامالی ہے جبکہ کرونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے انکے مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ اس مشکل ترین دور میں انکا اہل و عیال نان شبینہ کا محتاج ہوگیا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام اور اعلیٰ انتظامی افسران سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سبکدوشی کے تحت انہیں مراعات دئے جائیںتاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی کفالت کرسکیں۔
 

تازہ ترین