جنوبی کشمیر،کپوارہ اور سوپور میں کاروبار بند

سرینگر اور دیگر علاقوں میں جزوی اثر، جنوب میں انٹر نیٹ سروس معطل

تاریخ    9 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//جنوبی و شمالی کشمیر میں بدھ کو کاروباری و تجارتی ادارے بند رہے جبکہ سوپور اور جنوبی کشمیر میںانٹر نیٹ سروس بھی معطل رہی۔لوگوں کی جانب سے یہ ہڑتال از خود کی گئی۔ 4سال قبل 8اگست کو سابق معروف جنگجو کمانڈر برہان وانی بمڈورہ ویری ناگ میں جاں بحق ہوا تھا۔حالانکہ اس ضمن میں کسی نے کوئی کال نہیں دی تھی۔گذشتہ روز سید علی گیلانی سے منسوب سوشل میڈیا پر ایک بیان گشت کررہا تھا جسکی بعد میں تردید کی گئی تھی۔شہر سرینگر کے پائین علاقوں میں کوووڈ کے پیش نظر جن دکانوں کو  طے شدہ ضوابط کے تحت کھلنا تھا وہ نہیں کھلیں اور  نجی ٹریفک کی آمد و رفت بہت کم رہی۔ دکانیں بند تھیں اور روز مرہ کی زندگی متاثر رہی۔ لالچوک اور اسکے گرد و نواح میں بھی یہی صورتحال رہی۔جہاں سبھی کاروبای مراکز بند تھے۔ شیڈول کے مطابق جو دکانیں بدھ کو کھلنی تھیںوہ بند رہیں۔ البتہ سیول لائنز  کے دیگرعلاقوں میں جزوی کاروبار چلتا رہا۔نامہ نگار سید اعجاز احمد کے مطابق برہان وانی کے آبائی علاقے ترال میں حکام نے بندشیں عائد کی تھیں۔لوگوں کی نقل و حرکت مسدود کرنے کے لئے سڑکوں پر خار دار تار بچھائی گئی تھی۔ ترال میں مکمل ہڑتال رہی جس دوران دکانیں بند رہیں جبکہ سڑکوں سے ہر قسم کا ٹرانسپورٹ غائب رہا۔ پلوامہ شوپیان ،اننت ناگ اور کولگام میں بھی ہڑتال دیکھنے کو ملا۔انتظامیہ نے کسی نا خوشگوار واقعے کو روکنے کے لئے بدھ کے صبح 9بجے کے قریب پورے جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کو معطل کیا  ۔ انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے باعث اسلامک یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹکنالوجی میں آج منعقد ہونے والے آن لائن امتحانات کو ملتوی کرنا پڑا۔حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کو احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ہے تاکہ امن قانون کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ شوپیاں میں دکانیں اور کاروباری ادارے جزوی طور پر بند تھے۔ اننت ناگ سے نامہ نگار عارف بلوچ کے مطابق ضلع میں مکمل ہڑتال دیکھنے کو ملی،جبکہ مختلف علاقوں سے قصبہ تاک جانی والی سڑکوں پر خار دار تار لگا کر بندشیں عائد کی گئی تھی۔نامہ نگار اشرف چراغ کے مطابق شمالی کشمیر کے کپوارہ میں مکمل ہڑتال دیکھنے کو ملی جبکہ حساس علاقوں میں اضافی فورسز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔نامہ نگار فیاض بخاری کے مطابق بارہمولہ میں پہلے ہی حکام نے2روزہ سینی ٹائزیشن کیلئے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ لیا تھا،جبکہ سوپور میں مکمل ہڑتال دیکھنے کو ملا۔سوپور میں بھی بدھ کو موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل رکھی گئیں۔
 

تازہ ترین