تازہ ترین

موسلا دھار بارشیں اور سیلاب | جاپان میں ہلاکتوں کی تعداد 40 کے قریب پہنچ گئی

تاریخ    7 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں موسلا دھار بارشوں سے سیلاب اور مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 40 کے قریب پہنچ گئی۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چیف کابینہ سیکریٹری یوشیہائڈ سوگا نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہفتے کے آخر میں سیلاب اور مٹی کا تودہ گرنے سے اب تک 21 افراد ہلاک ہوگئے، دیگر 18 افراد کے زندہ رہنے کے امکانات نظر نہیں آرہے اور ان کی موت کی سرکاری تصدیق سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں جبکہ 13 افراد لاپتا ہیں۔انہوں نے بارشوں سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیلف ڈیفنس فورس کے 40 ہزار اہلکار ریسکیو کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘کی رپورٹ کے مطابق کیوشو کے جزیرے میں کوماموتو میں ریسکیو اہلکار لاپتا ہونے والے 14 افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔جاپان کے وزیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ ریوتا تاکیدا نے بتایا کہ ہم لوگوں کو وائرس کے پھیلاؤ سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور گھروں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے افراد کی ہر ممکن مدد کریں گے۔خیال رہے کہ یہ سیلاب گزشتہ برس اکتوبر میں ہگی بس طوفان کے بعد جاپان میں بدترین قدرت آفت ہے جس میں 90 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔