حبک نسیم باغ سرینگر میں مسلح جھڑپ

جنگجو جاں بحق، 2فورسز اہلکار شدید زخمی

تاریخ    3 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


ارشاد احمد
سرینگر// حبک نسیم باغ سرینگر میں جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان تصادم آرائی ہوئی جس میں ایک عدم شناخت جنگجو جاںبحق ہوا ہے جبکہ سی آر پی ایف کے دو اہلکار شدید زخمی ہوئے۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات کے قریب سوا دس بجے اویس کرنی کالونی حبک نسیم باغ کے علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ناکہ لگایا گیا جس کے دوران وہاں سے جنگجوئوں کا گزر ہوا جنہوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو پونے گیارہ بجے تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ علاقے میں جنگجوئوں نے پناہ لی ہے جسے گھیرے میں لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو جاںبحق ہوا۔ گولیوں کے تبادلے میں سی آر پی ایف 115 بٹالین کے دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل کلدیپ اورین بھی شامل ہیں انہیں بادامی باغ اسپتال میں داخل کیا گیا۔رات کے گیارہ بجے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔ پولیس و فورسز نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سبھی راستے سیل کئے ہیں۔ فورسز نے روشنیوں کا انتظام کر کے جنگجوئوں کی تلاش شروع کر دی۔ زونل پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ملہ باغ سرینگر علاقے میں جھڑپ جاری ہے جس میں ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوا۔ 
 

تازہ ترین