تازہ ترین

راجوری حد متارکہ پر شہری زخمی

پونچھ کے کیرنی سیکٹروں میں گولہ باری

تاریخ    2 جولائی 2020 (00 : 12 AM)   


راجوری+پونچھ//راجوری کے کیری سیکٹر میں ایک شخص فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہوا ۔یہ واقعہ بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب اسی مقام پر پیش آیا جہاں بدھ کی صبح فوج نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو جاں بحق کیا تھا۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک شخص کو حد متارکہ پر ممنوعہ علاقے میں دیکھاگیا جس پر فوج نے فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوا۔اسے بعد میں زخمی حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا۔ڈپٹی میڈیکل سپرانٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا’’اسے صبح کے وقت ہسپتال لایاگیااور ہم نے ابتدائی طبی امداد دے کر اسے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں ریفر کردیا ‘‘۔پولیس نے بتایاکہ زخمی شخص کی پہچان خالد حسین عرف کالا ولد لال حسین ساکن پارن ضلع راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ مذکورہ شخص نے حد متارکہ عبور کرنے کی کوشش کیوں کی ۔دریں اثناء پونچھ کے شاہپور کیرنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم اس دوران کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔دفاعی ترجمان کے مطابق پونچھ کے شاہپور، کیرنی سیکٹر میں حد متارکہ پر جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے پاکستانی فوج نے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی۔