تازہ ترین

پانچ عرب ملکوں نے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دیں

تاریخ    3 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


پانچ عرب ملکوں نے یکم جولائی سے سفری پابندیاں اٹھا لیں اور پروازیں بحال کردیں البتہ فضائی کمپنیوں کو مسافروں کی صحت و سلامتی یقینی بنانے کیلئے سخت حفاظتی تدابیر کا پابند بنایا گیا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق اب تک 5 عرب ممالک نے سفری پابندیاں اٹھا کر پروازیں بحال کی ہیں ان میں سے ایک مصر ہے جس کی فضائی کمپنیوں نے 3 ماہ سے زیادہ عرصے تک پروازوں پر بندش کے بعد یکم جولائی سے بین الاقوامی پروازیں شروع کی ہیں- مصر نے کورونا کی وبا کے پیش نظر 19 مارچ کو پروازیں معطل کردی تھیں۔ایجپٹ ایئر نے 29 سے زیادہ شہروں کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے- ایجپٹ ایئر کا کہنا ہے کہ تدریجی طور پر دیگر شہروں کیلئے بھی پروازیں شروع کردی جائیں گی۔ جولائی کے پہلے  ہفتے میں یورپی ممالک کے 13 ہوائی اڈوں، افریقہ کے چار، مشرق وسطیٰ کے چار (دبئی، ابوظبی، شارجہ اور بیروت) اور شمالی امریکہ کے تین ہوائی اڈوں کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی۔متحدہ عرب امارات کی امارات ایئر نے بھی یکم جولائی سے مخصوص شرائط کے ساتھ پروازیں شروع کردیں۔ بیرون ملک مقیم تارکین وطن کو امارات واپس لانے کیلئے پروازیں بحال کی گئی ہیں۔ امارات ایئر نے یکم جولائی سے دنیا کے 52 شہروں کیلئے پروازوں کا اعلان کیا تھا۔تیونس 27 جون کو اپنے ہوائی اڈے بین الاقوامی پروازوں کیلئے کھول چکا ہے۔ یہاں تین ماہ سے زائد عرصے سے پروازیں بند تھیں- تیونس میں سب سے پہلی پرواز فرانس سے قرطاج پہنچی۔بحرین نے بھی یکم جولائی سے ایتھنز اور قاہرہ کے لیے شیڈول پروازیں شروع کردیں۔ بحرین نے اپنے یہاں آنے والے غیرملکیوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ صحت اقرار نامہ پیش کریں اور 14 دن تک انہیں ہاؤس ائسولیشن یا قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔