تازہ ترین

ٹوئٹر نے امریکی صدر ٹرمپ کے پوسٹ سے تصویر ہٹادی

تاریخ    3 جولائی 2020 (00 : 03 AM)   


واشنگٹن //ٹوئٹر نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ٹویٹ سے ایک تصویر ہٹا دی ہے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے 30 جون کو ایک ٹویٹ کیا تھا، جس پر اب ایک نوٹس دکھائی دے رہاہے کہ ’’کاپی رائٹ ہولڈر کی ایک رپورٹ کے جواب میں تصویر ہٹا دی گئی ہے ‘‘۔ ایکزیوس ویب سائٹ کے مطابق ٹرمپ کے ٹویٹ میں جس تصویر پر یہ سوال کھڑا کیا گیا ہے اسے نیو یارک ٹائمز کے فوٹوگرافر ڈیمن وینٹرنے 2015 میں لیا تھا۔ نیویارک ٹائمز کے اخبار نے تصویر ہٹانے کی درخواست کی تصدیق کردی ہے کیونکہ ٹرمپ نے اجازت حاصل کئے بغیر اخبار کی تصویر شیئر کی ہے ۔یہ پچھلے چند ہفتوں میں ٹرمپ کے اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا دوسرا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ اس سے قبل جون کے آخر میں فیس بک اور ٹویٹر نے ٹرمپ کے ایک پوسٹ پر نوٹس لیا تھا۔ اس پوسٹ میں دو بچوں کو ایک ویڈیو میں دکھایا گیا تھا جس کے بعد ان بچوں کے والدین نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی شکایت درج کرائی تھی۔