تازہ ترین

قدرتی حُسن سے مالا مال منڈی کا جبی طوطی علاقہ نظرانداز

لوگوں کی آواجاہی میں اضافہ ، محکمہ سیاحت اقداما ت کرنے سے قاصر

تاریخ    30 جون 2020 (00 : 03 AM)   


عشرت حسین بٹ
 منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں واقع علاقہ جبی طوطی قدرتی حسن سے مالا مال ہے لیکن انتظامیہ اس علاقہ کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے اسے سیاحتی طور پر ترقی نہیں دی جاسکی ہے۔منڈی میں کئی سیاحتی مقامات پائے جاتے ہیں جن میں سے ایک مقام جبی طوطی کے نام سے جانا جاتا ہے جہاں ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں لوگ 3 گھنٹے کا پیدل سفر کر کے قدرت کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے پہنچتے ہیں ۔ان مقامات کو اگر انتظامیہ کی جانب سے سیاحتی منظر نامے پر لایا جائے تو نہ صرف مقامی بلکہ غیر مقامی سیاحوں کی توجہ بھی اس جانب راغب ہوگی اور ضلع پونچھ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔تحصیل منڈی کی عوام نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک حکومت نے ان کے ساتھ وعدہ خلافیاں کیں اور مقامی سیاسی لیڈران بھی منڈی کو سیاحتی نقشے پر لانے میں کامیاب نہیں ہوپائے ،یہی وجہ ہے کہ اس قدر خوبصورت مقامات ہونے کے باوجود اس علاقہ کو وہ حیثیت حاصل نہیں ہو سکی جس کا وہ حقدار ہے۔ ماضی میں تحصیل منڈی اور سرنکوٹ کے علاوہ دیگر متعدد علاقوں سے لوگ جبی تک پہنچ کر قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوتے آ رہے ہیں اور امسال لوگوں کی آوا جائی میں بے حد اضافہ ہوا ہے ۔ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں جبی اور اس کے گرد و نواح میں پائے جانے والے مقامات پر لوگ تفریح کیلئے آتے ہیں لیکن نہ جانے محکمہ سیاحت اور انتظامیہ اسے سیاحتی طور پر ترقی دینے کیلئے کس گھڑی کا انتظار کررہی ہے ۔ واضح رہے کہ منڈی کے اس علاقہ جبی تک پہنچنے کے لئے اڑائی اور ہاڑی بڈھا سے متعدد راستے ہیں جبکہ سرنکوٹ تحصیل کی جانب سے بھی اس مقام تک پہنچنے کے لئے الگ الگ راستے پائے جاتے ہیں جہاں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ سفر کرتے ہیں اور3 گھنٹے کے بعداس مقام پر پہنچ پاتے ہیں ۔ اگرچہ اڑائی گاؤں سے زمینی کٹائی کر ایک سڑک کو پنچایت اڑائی پیراں سے ہوتے ہوئے بہت آگے تک پہنچایا گیا ہے مگر ابھی بھی سڑک کی آخری حد کے بعد جبی کے لئے 2 سے 3 گھنٹے کا سفر کرنا پڑتا ہے اور یہ سڑک بھی ابھی تارکول کے بغیر ہے ۔جبی طوطی کا نظارہ کرچکے انور حسین اور کرار علی و دیگران کاکہناہے کہ  انتظامیہ منڈی کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے اگر سنجیدگی سے اقدامات کرے تونہ صرف لوگ خوبصورت مقامات تک آسانی سے پہنچ سکیں گے بلکہ روزگا رکے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ ان کے مطابق منڈی سیاحت کے اعتبار سے کافی پرکشش ہے لیکن گزشتہ حکومتوں نے یہاں کی ترقی کی سمت کوئی اقدامات نہیں اٹھائے ۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنر اوران کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ منڈی کے سبھی خوبصورت مقامات پر سیاحتی نقشے پر لانے کے اقدامات کئے جائیں ۔
 

تازہ ترین