تازہ ترین

اننت ناگ کے کل ژہر رینی پورہ مٹن میں تصادم، 2کمانڈروں سمیت 3جاں بحق

اننت ناگ قصبہ کے سبھی راستے سیل، لالچوک کی ناکہ بندی

تاریخ    30 جون 2020 (00 : 03 AM)   
(File Photo)

عارف بلوچ
اننت ناگ//جنوبی کشمیر میں مٹن کے ایک مضافاتی گائوں میں شبانہ مسلح تصادم آرائی کے دوران دو عسکری کمانڈروں سمیت 3جنگجوجاں بحق ہوئے۔ان میں ڈوڈہ کا مطلوب کمانڈر بھی شامل تھا۔اس دوران ضلع اننت ناگ میں انٹر نیٹ سروس منقطع کی گئی جبکہ قصبہ کے سبھی راستے خاردار تاروں سے بند کئے گئے اور لالچوک کی ناکہ بندی کی گئی۔

تصادم آرائی

 مٹن اور اچھہ بل کے درمیانی علاقے میں موجود ’ کل ژہر رینی پورہ‘ نامی  گائوں میں 3جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی19آر، سی آر پی ایف 164 بٹالین اور ایس او جی نے رات کے دو بجے ایک میوہ باغ کا محاصرہ کیا جس میں تعمیر شدہ ایک ٹین شیڈ میں تین جنگجو موجود تھے۔محاصرہ کرنے کے بعد جنگجوئوں کو فورسز کی بھنک لگ گئی اور انہوں نے یہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان رات کے 4بجے گولیوں کا تبادلہ ہوا جو مختصر تھا ۔اس مختصر گولیوں کے تبادلے میں تینوں جنگجو جاں بحق کئے گئے۔ مقام جھڑپ سے ایک رائفل اور دو پستول بر آمد کئے گئے اور رات کے دوران ہی پولیس نے لاشیں بر آمد کر کے اپنے ساتھ لیں۔ پولیس نے بتایاکہ اس دوران جب فورسز کی پارٹی علاقے کے ایک میوہ باغ میں داخل ہوئی، تویہاں موجود جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں،جس دوران فورسز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا ۔طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں3جنگجو جاں بحق ہوئے جن میں ایک عسکری کمانڈر بھی شامل ہے ،جسکی شناخت ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے مسعود احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے جبکہ2دیگر جنگجوئوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔پولیس نے کہا کہ مسعود ایک کیس میں ملوث تھا اور تب سے مفرور تھا اور بعد میں اس نے حزب المجاہدین کے صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔مقامی لوگوں نے بتایادیگر دو جاں بحق جنگجومقامی ہیں۔جن کی شناخت طارق خان عرف ابو سعاد ولد نذیر احمد خان ساکن لالچوک اننت ناگ اور ندیم  احمد ڈار ولد فاروق احمد ڈارساکن ژنی گام یاری پورہ کولگام کے بطورہے،تاہم پولیس بیان میں ان کا ذکر نہیں کیا گیا اور کہا گیا کہ دیگر دو کی شناخت نہیں ہوسکی۔طارق احمد خان 25جولائی 2018کو جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا جب انکے گھر میں مسلح جھڑپ ہوئی تھی جس میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا تھا۔ندیم احمد ڈار نے اسی ماہ 2جون کو ہتھیار اٹھائے تھے۔

اننت ناگ بند

مٹن کے نزدیکی گائوں میں مسلح تصادم کے دوران لالچوک کے طارق احمد کی ہلاکت کی اطلاع کیساتھ ہی پولیس و فورسز نے قصبے کو جانے والے سبھی راستے بند کردیئے اور بڑی تعداد میں فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔قصبہ کے اندرونی علاقوں میں سبھی علاقوں کو خار دار تاروں سے بند کیا گیا جبکہ لالچوک کو مکمل طور پر سیل کر کے لوگوں کی ہر طرح کی آمد و رفت بند کردی گئی۔
 

چھترگام میں گرینیڈ حملہ

نیوز ڈیسک
 
سرینگر // مشتبہ جنگجوئوں نے پیر کی رات چھتر گام چاڑورہ میں فوجی کیمپ پر حملہ کیا۔ چھتر گام کراسنگ کے نزدیک50آر آر فوجی کیمپ پر شام دیر گئے جنگجوئوں نے رائفل گرینیڈ داغا جو کیمپ کے نزدیک باہری دیوار کے متصل زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ تاہم اس سے کوئی نقسٓن نہیں ہوا۔ واقع کے بعد فوجی اہلکار کیمپ سے باہر آئے اور کئی مقامات پر تلاشیاں لیں ۔ دھماکہ سے آس پاس خوف و ہراس پھیل گیا۔
 

مسعود کی ہلاکت کیساتھ ہی ڈوڈہ بھی جنگجوئوں سے صاف

نیوز ڈیسک
 
سرینگر // جموں کشمیرپولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ مسعود کی ہلاکت کے ساتھ ہی ضلع ڈوڈہ ایک بار پھر ملی ٹینٹوںسے صاف ہوگیاہے۔  پولیس سربراہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مہلوک جنگجو کمانڈر ایک کیس میں ملوث تھا اور تب سے مفرور تھا اور بعد میں اس نے حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ موصوف حزب کمانڈر کشمیر میں ہی سرگرم تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پچھلے ہفتے پولیس نے ترال میں 3جنگجوئوں کو جاں بحق کرنے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ ترال جنگجوئوں سے پاک ہوگیا ہے۔ اور اب علاقے میں کوئی جنگجو موجود نہیں ہے۔

تازہ ترین