تازہ ترین

۔8575اسامیوں کی بھرتیاں | ایس ایس بی کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری

کیجول لیبررز،ڈیلی ویجروں اور کنٹریکچول ملازمین بھرتی عمل کے مخالف

تاریخ    27 جون 2020 (00 : 03 AM)   


سید امجد شاہ
جموں //جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں وکشمیر میں 8575اسامیوں کی بھرتی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے تاہم عارضی ملازمین نے اس بھرتی عمل کی مخالفت کا اعلان کیاہے۔ یہ درجہ چہارم کی اسامیاں ہیں جنہیں جموں وکشمیر خصوصی بھرتی قواعد 2020 کے تحت مشتہر کیاگیاہے ۔ایس ایس بی نے امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں اورامیدوار 10جولائی سے 25اگست تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔امیدواروں کیلئے صرف تحریری امتحان ہوگا اور انٹرویوکا سلسلہ ختم کر دیا گیاہے ۔ دستاویزی جانچ کے وقت امیدواروں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پیش کرناہوگی ۔دریں اثناء عارضی ملازمین نے اس بھرتی عمل کی مخالفت کا اعلان کیاہے ۔جموں وکشمیر کیجول لیبررز یونائٹیڈفرنٹ کے صدر عمران پرے نے اس بھرتی طرز عمل کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ 61ہزار کے قریب عارضی ملازمین پہلے سے ہی کئی کئی برسوں سے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں اوران میں سے بیشتر کی عمر کی حد بھی پار ہوچکی ہے اس لئے وہ کیسے ان اسامیوں کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ لیفٹنٹ گورنر کی طرف سے ان کے مطالبات کو پورا کیاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے یہ فیصلہ لیاہے کہ انکے لئے پالیسی وضع کرنے کیلئے حکومت کو 20جولائی تک کا وقت دیاجائے گا۔
 

تازہ ترین