تازہ ترین

اے ٹی ایس اترپردیش کی کارروائی | رام بن کا ایک نوجوان گرفتار

تاریخ    22 جون 2020 (00 : 03 AM)   


محمد تسکین
بانہال //اے ٹی ایس اتر پردیش نے اتوار کے روز رام بن سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سلمان خورشید وانی ولد نذیر احمد وانی ساکن بنکوٹ بانہال حال میتراہ رام بن کو حراست میںلیکر اتر پردیش لے گئے ہیں۔ سلمان خورشید پر ملک مخالف سازشیں ، دہشت گرد سرگرمیوں ، ملک میں چنی ہوئی سرکار کے خلاف سازشیں رچنے اور دہشتگرد گروہ اور تنظیموں میں بھرتی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ سلمان کے خلاف دائر کئے گئے کیس میں بتایا گیا ہے کہ سلمان خورشید گرفتار کئے گئے محمد انعام الحق نامی ایک شخص سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر رابطے میں تھا اور وہ ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینے کے بارے میں چیٹنگ(بات چیت) کرتے تھے۔ سلمان خورشید کے والدین کا کہنا ہے کہ سلمان خورشید کو انہوں نے سنیچرکو پولیس سٹیشن رام بن کے حوالے کیا تھا اور اتوار کو ATS اتر پردیش کی ایک ٹیم رام بن پہنچی اور سلمان خورشید کو اپنے ساتھ لے گئی۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خورشید کی دماغی حالت پچھلے سات آٹھ سالوں سے ٹھیک نہیں ہے اور اس سلسلے میں اسے ریاست جموں و کشمیر کے کئی ڈاکٹروں کے پاس لیا جاچکا ہے اور وہ تمام دستاویزات ATS  کو دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک یا واٹس ایپ پر سلمان خورشید نے کچھ لکھا ہوگا لیکن اصل میں وہ کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں کسی صورت بھی ملوث نہیں ہے۔  سلمان خورشید کے خلاف دفعہ 121B/ 13, 16 , 18 اور 18B انڈین پینل کوڈ کے تحت کیس درج ہیں۔ 
 

تازہ ترین