ممتاز صحافی سیدشجاعت بخاری کی دوسری برسی | سماج کے مختلف شعبوں کا خراج عقیدت

تاریخ    15 جون 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//معروف صحافی سید شجاعت بخاری کی دوسری برسی پر متعدد سیا سی ،سماجی ، صحا فتی اور مذ ہبی انجمنوں کی طرف سے مرحوم کو  خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اگر چہ موجودہ حالات کے پیش نظر کوئی تقریب منعقد نہیں ہوئی تاہم سماجی نیٹ ورک پر سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خداداد صلاحیتوں سے مالا مال تھے۔ اْنہوں نے کہا کہ مرحوم نے روزنامہ رائزنگ کشمیر کے ذریعے کشمیری عوام کے مشکلات اور مسائل اْجاگر کرنے میں جو رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔شجاعت بخاری ہندوستان اور پاکستان کی دوستی کو مضبوط بنانے اور کشمیری عوام کے مسائل کو اْجاگر کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا اور احساس محرومی کے شکار غریب لوگوں کے حالات کو اپنے روزنامہ میں اشاعت کرکے اْن کا ازالہ کرانے میں بھی کلیدی رول ادا کیا۔ شجاعت بخاری نے انگریزی روزنامہ رائزنگ کشمیرکے علاوہ اردو روزنامہ بلند کشمیر اور کشمیری روزنامہ سنگرمال کے ذریعے بھی صحافتی خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ اردو اور کشمیری زبانوں کی بے لوث خدمت کی۔ دونوں لیڈران نے کہاکہ شجاعت بخاری نے کشمیری زبان، کشمیری تہذیب و تمدن کی شان بحال کرنے اور نئی روح پھونکنے کا بیڑا اْٹھایاتھا۔ ادھر متعدد سیاسی اور سماجی پارٹیوں نے مرحوم صحافی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا  ۔انجمن اردوصحافت جموں وکشمیرنے مرحوم شجاعت بخاری کوانکی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔اگر چہ موجودہ لاک ڈون کے نتیجے میں برسی پر کوئی خاص تقریب منعقد نہیں سکی ہے تاہم مرحوم کو دنیا کے کونے کونے میں ان کی دوسری برسی پر صحافیوں اور دانشوروں نے خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ادھر جرنلسٹ ایسو سی ایشن نے سید شجاعت بخاری کی دوسری برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔جے اینڈکے ایڈیٹرس فورم کے ترجمان نے مرحوم کوایک دیدہ وَر شخصیت اورکہنہ مشق صحافی قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرحوم کی صحافتی اورادبی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیاجائے گا۔ٍ

تازہ ترین