بھارت میں کورونا کا قہر؛تعداد 3 لاکھ سے متجاوز،قریب 9000اموات

تاریخ    14 جون 2020 (00 : 03 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) کے متاثرین کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا متاثرین کے سب سے زیادہ 11458 نئے معاملے سامنے آئے، جس سے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرکے 3.09 لاکھ پر پہنچ گئی ہے ۔صحت اور گھریلوبہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے سنیچر کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  386  لوگوں کی موت سے مہلوکین کی تعداد 8884 ہوگئی ہے ۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 1,45,779 سرگرم معاملے ہیں جبکہ اس وبا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد سرگرم معاملوں کے مقابلے 8551 زیادہ یعنی 1,54,330  ہے ۔ ہندوستان انفیکشن کے معاملے میں دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں چوتھے مقام پر ہے ۔بھارت سے آگے روس ، برازیل اور امریکہ ہے۔ادھرمہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3493 نئے معاملے ریکارڈ کئے گئے ہیں اور 127 لوگوں کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 1,01,141 اور اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3717 ہوگئی ہے ۔ تامل ناڈو دوسرے مقام پر ہے ، جہاں متاثرین کی تعداد 40,698 ہوگئی ہے اور 367 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 22047 لوگوں کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی جاچکی ہے ۔کورونا کے سبب قومی راجدھانی دلی کی حالت بھی مسلسل بگڑتی جارہی ہے اور ملک میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد کے معاملے میں یہ تیسرے مقام پر ہے ۔ راجدھانی میں 2137 ریکارڈ نئے معاملوں سے کل متاثرین کی تعداد 36 ہزار اور ریکارڈ 71 مریضوں کی موت سے مہلوکین کی تعداد 1200 سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ گجرات کووڈ۔ 19 سے متاثر ہونے کے معاملے میں چوتھے مقام پر ہے لیکن تعداد اموات کے معاملے میں ریاست مہاراشٹر کے بعد دوسرے مقام پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 22,527 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 1415لوگوں نے جان گنوائی ہے ۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک 12616 کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں اور 365 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 7609 لوگ اس سے ٹھیک ہوئے ہیں۔راجستھان میں بھی کورونا کا قہر زوروں پر ہے یہاں متاثرین کی تعداد 12068ہوگئی ہے ا ور 272 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔مدھیہ پردیش میں 10443 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 440 لوگوں کی اس سے موت ہوگئی ہے۔مغربی بنگال میں 10244 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 451 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ آندھرا پردیش میں 5680 اور کرناٹک میں 6516 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور ان ریاستوں میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 80 اور 79 ہوگئی ہے ۔ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 4730 ہوگئی ہے اور 53 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ ہریانہ میں 70، پنجاب میں 63، بہار میں 36، کیرلا میں 18، اتراکھنڈ میں 21، اوڈیشہ میں 10، آسام اور جھارکھنڈ میں 8، چھتیس گڑھ اور ہماچل پردیش میں چھ ، چنڈی گڑھ پانچ، پڈوچیری میں دو اور تریپوری، لداخ اور میگھالیہ میں اس وبا سے ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔
 

تازہ ترین