جے کے بینک ایمپلائز یونین کا وفد چیئرمین سے ملاقی

تاریخ    9 جون 2020 (00 : 03 AM)   


سرینگر// جموں وکشمیر بینک ایمپلائز یونین کے ایک وفد نے بینک کے کارپوریٹ آفس میں چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وفد نے اپنے سرپرست کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں تمام ملازمین کی طرف سے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ بینک کے بنیادی اقدار کے تحفظ کیلئے اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں گے۔یونین کے سرکردہ عہدیداروں نے اپنے ممبران کو در پیش چند مسائل سے چیئرمین کو آگاہ کیا اور امید جتائی کہ انہیں نپٹانے میں بینک انتظامیہ اقدامات کرے گی۔ نمائندوں نے بینک انتظامیہ کی اُن کاوشوں کو سراہا جو وہ اپنے سٹاف کی فلاح و بہبود کیلئے کررہے ہیں۔ میٹنگ میں چیئرمین کے ہمراہ بینک کے انسانی وسائل محکمہ کے پریذیڈنٹ چیتن پلجور، انسانی وسائل محکمہ کے وائس پریزیڈنٹ امتیاز احمد بٹ اور چیئرمین کے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ تھے۔ چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملازمین کے جذبے پر ناز ہے کہ وہ ایک مصمم ارادے اور ٹھوس جذبے کے ساتھ اپنے اس عزیز ادارے کی ترقی کیلئے تن و من سے کام کررہے ہیں ۔ چیئرمین نے اپنے اس وعدے کو دہرایا کہ اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے وہ ہمہ وقت بہتر ماحول فراہم کرنے کی کوشش کرینگے ۔
 

تازہ ترین