تازہ ترین

شاہ فیصل، سرتاج مدنی اور پیر منصور کا پی ایس اے منسوخ، عمر کا خیر مقدم

تاریخ    3 جون 2020 (09 : 05 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں کشمیر سرکار نے بدھ کو شاہ فیصل،سرتاج مدنی اور پیر منصور پر عاید پبلک سیفٹی ایکٹ منسوخ کردیا۔
تینوں مین سٹریم لیڈران گذشتہ برس ماہ اگست سے ایام اسیری کاٹ رہے ہیں جب مرکز نے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اس کو مرکز کے دو زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی کے این او کے مطابق تینوں لیڈران پر عائد پی ایس اے منسوخ کیا گیا ہے اور اُن کی رہائی کسی بھی وقت متوقع ہے۔
آئی اے ایس ڈگری یافتہ شاہ فیصل سرکاری نوکری چھوڑ کر سیاست میں آئے ہیں جبکہ مدنی اور منصور پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے سینئر لیڈران میں شامل ہیں۔ مدنی پی ڈی پی  صدر محبوبہ مفتی کے ماموں بھی ہیں۔
 دریں اثناءجموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے فیصل،مدنی اور منصور پر عاید پبلک سیفٹی ایکٹ منسوخ کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے محبوبہ مفتی، علی محمد ساگر اور ہلال راتھر کی رہائی پر زور دیا ہے۔ 
اپنے ایک ٹویٹ میں عمر نے لکھا” شاہ فیصل، پیر منصور اور سرتاج مدنی کی رہائی کے بارے میں سن کر اچھا لگا،مایوسی کی بات ہے کہ محبوبہ مفتی، ساگر صاحب اور ہلال راتھر ابھی تک مقید ہیں“۔