تازہ ترین

لاک ڈائون میں نرمی کا معاملہ | 8جون کے بعد فیصلہ لیا جائیگا:چیف سیکریٹری

تاریخ    1 جون 2020 (00 : 03 AM)   
(عکاسی: امان فاروق)

نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں وکشمیرانتظامیہ نے کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے لاک ڈائون میں 8جون تک توسیع کردی ہے۔ یوٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کے نئے رہنماخطوط کاموجودہ صورتحال کے تناظرمیں سرنوجائزہ لیاجائے گا۔جموں وکشمیر سرکارکی جانب سے جاری ایک آرڈر زیر نمبر 57- آف2020،بتاریخ 31مئی 2020میں کہا گیاہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے لاک ڈائون کے پانچویں مرحلے یاUn-Lockdownکے پہلے مرحلے کی مناسبت سے جونئے رہنماخطوط متعارف کئے ہیں ،اُن میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے مرکزی داخلہ سیکریٹری نے واضح کیاہے کہ لاک ڈائون میں نرمی لانے کے حوالے سے ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوں کی حکومتیں صورتحال کے حساب سے اپنے طور پرفیصلہ لینے کی مجاز ہیں ۔مرکزی داخلہ سیکریٹری نے اپنے جاری کردہ نئے رہنماخطوط یالاک ڈائون میں کچھ نرمی لانے یاکچھ سرگرمیاں بحال کئے جانے کے حوالے سے جورعایت دی ہے ،اُس میں کہاگیاہے کہ ریڈزون والے علاقوں کی نشاندہی اورباقی ماندہ علاقوں میں مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کوبحال کرنے کے حوالے سے ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوں کی حکومتیں فیصلہ لیں گی ۔جموں وکشمیرکی انتظامیہ کے جاری کردہ آرڈرمیں گزشتہ جاری کردہ احکامات کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ ایکٹ2005کے سیکشن 24کے تحت جموں وکشمیر کے چیف سیکریٹری اور محکمہ داخلہ سیکریٹری کویہ اختیار حاصل ہے کہ وہ لاک ڈائون میں نرمی لانے یااس کوجاری رکھنے کے بارے میں فیصلہ لے سکیں ۔ مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی سرکارکی جانب سے30مئی کوجاری نئے رہنماخطوط کاجموں وکشمیر میں جاری صورتحال کے تناظرمیں جائزہ لیاجائیگا ،اوریہ بھی دیکھاجائیگاکہ کن علاقوں کوریڈزون کے دائر ے میں برقراررکھناہے ،کن علاقوں کوریڈزون کے دائرے میں لاناہے ،کن سرگرمیوں کوبحال کرنے کی اجازت دینا ہے ،پس جموں وکشمیرمیں 8جون 2020تک لاک ڈائون کے تحت بندشیں اورپابندیاں جاری رہیں گی۔
 

تازہ ترین