وانپورہ کولگام میں مسلح تصادم | 2 جنگجو جاں بحق

رہائشی مکان کو شدید نقصان، ضلع میںانٹرنیٹ سروس معطل

تاریخ    31 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


خالد جاوید
کولگام //جنوبی کشمیر کے وانپورہ کیموہ کولگام میں سنیچر کو خونریز معرکہ آرائی میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ ایک مکان تباہ ہوا۔مقام جھڑپ کے نزدیک مظاہرین اور پولیس کے درمیان معمولی جھڑپیں بھی ہوئیں۔اس دوران ضلع کولگام میں انٹر نیٹ سروس منقطع کی گئی۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وانپورہ نامی گائوں کے شالی سر محلہ میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فسٹ آر آر کیساتھ مشترکہ آپریشن کیلئے دوران شب ہی گائوں کو محاصرے میں لیا گیا اور سنیچر کی صبح گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ اس دوران محمد اکبر بٹ ولد محمد شعبان کے ایک یک منزلہ مکان میں موجود جنگجوئوں نے ساڑھے چھ بجے تلاشی پارٹی پر فائر کھول دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مکان میں موجود جنگجوئوں کی شناخت ظاہر ہونے کے بعد حال ہی میں ہتھیار اٹھانے والے محصور جنگجوئوں کے اہل خانہ اور والدین کو مقام جھڑپ پر لایا گیا جنہوں نے جنگجوئوں کو پولیس کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی تاہم جنگجوئوں نے والدین کا نہیں سنا اور ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا۔پولیس نے دونوں جنگجوئوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔اس کے بعد آپریشن کیا گیا جس کے دوران دونوں طرف سے گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا، جو ساڑھے دس بجے تک جاری رہا، اور مکان کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد یہاں سے دو جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔دونوں جنگجوئوں کا تعلق حزب المجاہدین سے بتایا جاتا ہے۔پولیس نے مارے گئے جنگجوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ۔۔علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی یہاں انٹرنیٹ سروس کو معطل کیا گیا ہے جو آخری اطلاع ملنے تک معطل ہی تھی۔ادھر غیر سرکاری ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت شاکر احمد ایتو ولد عبد الرحمان ایتو ساکن گھٹ کھڈونی اورپرویز احمد پنڈت ولد غلام محی الدین پنڈت ساکن وانپورہ کے بطور ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ دونوں جنگجوئوں نے جنوری 2020یں ہی ہتھیار اٹھائے تھے۔وانپورہ تصادم کے بارے میں پولیس کی طرف سے ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے’’ جاری آپریشن کے دوران دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ‘‘۔انہوں نے بیان میں لکھا تھا کہ سنیچر کی علی الصبح فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ جمعیت نے ایک مصدقہ اطلاع کے بعد وانپورہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔جونہی فورسز کی ٹیم مشتبہ مقام پر پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوئوں نے گولیاں چلائیں جس کے جواب میں فورسز نے بھی اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئے اور اس طرح طرفین کے درمیان تصادم شروع ہوگیا جس کے دوران دو جنگجوجاں بحق ہوگئے۔

تازہ ترین