تازہ ترین

آن لائین درس و تدریس نظام کو مستحکم بنایاجائے: شرما

انٹر نیٹ اور موبائل رابطہ سے محروم طلبہ کی تعلیم کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت

تاریخ    30 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹنٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے متعلقہ حکام کو جاری آن لائین درس و تدریس نظام کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی تا کہ اس نظام سے زیادہ سے زیادہ طلبا مستفید ہو سکیں ۔ مشیر جموں صوبے میں محکمہ سکولی تعلیم کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔  مشیر نے محکمہ کے حکام کی جانب سے طلبا کیلئے بلا رکاوٹ درس و تدریس کی سہولیت بہم رکھنے کی غرض سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ طلبا کو اس نظام کے دائرے میں لانے کیلئے اسے مزید مستحکم بنانے پر زور دیا اور محکمہ سکولی تعلیم کے حکام کو انٹر نیٹ اور موبائیل کنیکٹوٹی سہولت سے مبرا طلبا ء کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے ایک لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس ضمن میں محکمہ کو بہترین کام سرانجام دینے والے اساتذہ کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت دی تا کہ اُن کی حوصلہ افزائی کی جا سکے ۔ انہوں نے موجودہ وباء کی صورتحال کے دوران دیگر ریاستوں کی جانب سے اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کو بروئے کار لانے کے امکانات پر بھی غور کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ کیپکس اور سماگرہ سکیموں کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں کا جائیزہ لینے کے دوران مشیر نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی تا کہ دستیاب رقم مناسب طور استعمال میں لائی جا سکے ۔ انہوں نے صوبے کے تمام سکولوں میں پینے کے پانی ، بیت الخلاء اور بجلی فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ مشیر نے محکمہ سکولی تعلیم جموں کے حکام کو تدریسی عملے کی تنظیمِ نو کرنے کی ہدایت دی ۔ التوا میں پڑے پروجیکٹوں کیلئے نامزد نوڈل افسران کو خزانہ اور صحت عامہ محکموں کے تعاون سے تمام درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان پروجیکٹوں کا کام بروقت مکمل کیا جا سکے ۔ محکمہ سکولی تعلیم کو آئی ٹی شعبے کو مستحکم بنانے کی بھی ہدایت دی گئی اور اس ضمن میں آسامیوں کو معرض وجود میں لانے کیلئے انتظامیہ کو منصوبہ پیش کرنے کیلئے کہا گیا ۔