کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر ناگزیر : صدر جمعیت اہلحدیث

مستحقین کی معاونت کرنا من حیث القوم ذمہ داری

تاریخ    30 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے اور قطعی حفاظتی اور احتیاطی اقدامات سے پہلو تہی نہیں کرنی چاہیے۔ کنگن کے کئی علاقوں میں حالیہ ایام میں انتقال کرنے والی کئی شخصیات کے لواحقین اور علاقہ کے مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمعیت نے کہا کہ’ فی الوقت وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں آئے روز اضافہ فکر مندی اور پریشانی کاباعث بن رہا ہے اور ہمیں اس تعلق سے کسی بھی خوش یا غلط فہمی کا شکار ہو کر قطعی حفاظتی اور احتیاطی اقدامات سے پہلو تہی نہیں کرنی چاہیے‘۔ انہوں نے بٹہ پورہ، ٹنگھ چھتر، اکہال، کرہامہ ینگورہ گاندربل اور دوسرے مقامات پر مساجد کمیٹیوں اور جمعیت اکائیوں کے ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ اور غربت کی لکیر سے نیچے گذر بسر کرنے والے لوگ مسلسل لاک ڈاؤن سے زیادہ متاثر نظر آرہے ہیں ،متعلقہ اداروں کی جہاں ان کی بھر پور معاونت ذمہ داری بن جاتی ہے وہاں من حیث القوم ہمارا انہیں ہر قسم کا سہارا فراہم کرنا فریضہ بن جاتا ہے۔ اس تعلق سے ضلعی جمعیت گاندربل کے ذمہ داروں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع میں جاری جمعیت ریلیف مشن کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صدر جمعیت نے اصحاب خیر سے اس مشن کی بھر پور امداد کرنے کی تلقین کی جس نے اب تک وادی بھر میں ایک منصوبہ بند طریقے پر اشیاء خوردونوش کے ہزاروں کٹس مستحقین میں تقسیم کیے اور یہ عمل ہنوز جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کیا اور کس طرح کاروبار زندگی چلایا جائے، اس کے لیے بھی ماہرین فن اور دیگر ذمہ دار اداروں کی بات پر کان دھر کر عمل پیرا ہو نا ہوگا  ۔ٹنگہ چھتر اکہال کنگن اور ینگورہ میں بالترتیب خواجہ غلام رسول شاہ مرحوم اور ینگورہ میں پیرمحمد یوسف مرحوم کے پسماندہ گاں اور دوسرے موجود لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر بٹ نے کہا جمعیت معاملات کا دور بینی اور سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان صبر آزما حالات میں ہمیں اپنے کو ایک حساس، ذہین اور سنجیدہ فکر قوم کی حیثیت سے حسب سابق اپنے کو پیش کرنا ہوگا اور معاملات کی گھمبیرتا کو سمجھ کر بہر حال ان سبھی ھدایات کو عملانا ہوگا جو اس وبا کی ہلاکت خیزی سے بچنے کے لیے دئے جارہے ہیں۔
 

تازہ ترین