سعودی عرب میں 14 اموات ، 1815 نئے کیسوں کی تصدیق

تاریخ    29 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


ریاض //سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار 14 افراد وفات پاگئے ہیں جبکہ وزارتِ صحت نے1815 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد 78541 ہوگئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 2572 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں اور مکمل طور پر شفاب یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 51022 ہوچکی ہے۔اس طرح اب مملکت میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد صرف 27519 رہ گئی ہے۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سعودی وزارت داخلہ نے منگل کو کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ بعض پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا بعض معاشی اور تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جارہی ہے اور حالات معمول کی جانب لوٹ رہے ہیں۔اس سے ایک روز پہلے گذشتہ سوموار کو سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ نے مملکت میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکمت عملی کے اگلے مرحلے پر 28 مئی سے عمل درآمد کا اعلان کیا ہے۔یہ نئی حکمت عملی دو ستونوں (اصولوں) پر مبنی ہے۔ان کے بہ قول اس نئے مرحلے کے لیے حکومت نے ایک واضح ویڑن وضع کیا ہے۔ یہ دو اشاریوں پر مبنی ہوگا۔ اوّل، صحت کے نظام کی تشویش ناک کیسوں کے علاج کی صلاحیت۔ دوم، ٹیسٹ اور ابتدائی مرحلے میں تشخیص کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہے۔کرونا پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کے تحت مکہ مکرمہ کے سوا ملک بھر کے تمام علاقوں میں لوگوں کو صبح چھے بجے سے سہ پہر تین بجے تک آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔سعودی حکومت نے جمعہ سے مساجد کو بھی پنج وقتہ نمازوں کی ادائی کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 

تازہ ترین