ستیہ پال ملک صرف نام کا ستیہ کام کا نہیں: عمر عبداللہ

24 مئی 2020 (00 : 03 AM)   
(      )

یواین آئی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر کے سابق اور آخری گورنر ستیہ پال ملک کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے ’’وہ صرف نام کا ستیہ ہے کام کا نہیں‘‘۔ بقول ان کے ستیہ پال ملک جو اس وقت گوا کے گورنر ہیں، جھوٹ بولتے بولتے کبھی تھکتے نہیں ہیں۔ عمر عبداللہ نے گورنر ملک کے ایک بیان جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے پاکستانی دبائو کی وجہ سے پنچایتی انتخابات میں حصہ نہیں لیا، کے ردعمل میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا،’’یہ نام کا ستیہ ہے کام کا نہیں۔ جھوٹ بولتے بولتے کبھی نہیں تھکتا۔ 5اگست سے پہلے بھی جموں وکشمیر کے لوگوں سے جھوٹ بولا اور آج بھی بول رہا ہے۔ ہتک عزت کے مقدموں سے بچنے کے لئے راج بھون کا سہارا لے رہا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ وہ یہ سب کچھ گورنر کی پوسٹ جانے کے بعد بھی بولتا ہے یا نہیں‘‘۔ گورنر ملک نے مبینہ طور پر کہا ہے،’’وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وہ جموں وکشمیر میں پنچایت کے انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ میں پروٹوکال توڑتے ہوئے عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے گھر گیا۔ لیکن وہ پاکستان کے دبائو میں آگئے اور انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کیا۔جنگجوئوں نے بھی دھمکیاں دیں لیکن باوجود اس کے انتخابات کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے‘‘۔
 

تازہ ترین