پاکستانی مسافر طیارہ کراچی کی بستی پر گر کر تباہ

۔66 لاشیں برآمد،107مسافر سوار تھے

تاریخ    23 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


نیوز ڈیسک
اسلام آباد//پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا لاہور سے کراچی آنے والا مسافر طیارہ اے 320 ایئربس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میںآخری اطلاعات آنے تک 66 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ واقعہ ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں پیش آیا، جہاں طیارہ رہائشی مکانات پر جاگرا جس میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ پی آئی اے کی پرواز 8303 لاہور سے 91 مسافروں اور عملے کے 8 افراد کو لے کر کراچی آرہی تھی۔طیارے میں نجی ٹی وی چینل 24 نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی بھی موجود تھے، اس کے علاوہ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود بھی طیارے میں موجود تھے۔اس واقعے کے فوری بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں حادثے کے مقام سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا جبکہ جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے ڈان نیوز کو بتایا کہ طیارے میں تباہ ہونے سے پہلے آگ لگ گئی تھی۔حادثہ کی ویڈیوز میں لاشوں کو ملبے تلے دبے دکھایا گیا جبکہ علاقہ مکین گلیوںپر موجود ملبے کے ڈھیر کے قریب موجود تھے، رینجرز اور سندھ پولیس کے اہلکار ریسکیو آپریشنز کررہے تھے۔ایک اور ویڈیو میں ایدھی ورکرز اور فائرفائٹرز کو طیارے کی باقیات ہٹاتے اور حادثے میں بچ جانے والے افراد کو تلاش کرتے دیکھا گیا۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایئربس 320 نے تباہ ہونے سے قبل بظاہر 2 سے 3 مرتبہ لینڈ کرنے کی کوشش کی۔واقعے کے بعد پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر کراچی روانہ ہوتے وقت ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پائلٹ نے کنٹرول روم کو بتایا کہ طیارے میں کوئی تکنیکی مسئلہ ہے اور اس نے لینڈنگ کے لیے 2 رن وے تیار ہونے کے باوجود لینڈنگ کے بجائے واپس گھومنے کا فیصلہ کیا۔
 

مودی کا اظہار دکھ

نئی دلی // وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان میںمسافر طیارہ حادثے میں ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور اس حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا’’پاکستان میں طیارے کو پیش آئے حادثے میں ہلاکتوں سے انتہائی رنج ہوا ،مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی جلد شفا یابی کیلئے دعا کرتا ہوں ‘‘۔
 

تازہ ترین