تازہ ترین

کورونا کا بڑھتا قہر | ملک میں3303 اموات،106750 متاثر

21 مئی 2020 (00 : 03 AM)   
(      )

نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 106750 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران وبا سے مرنے والوں کی تعداد 140 کے اضافہ کے ساتھ بڑھ کر 3303 ہو گئی۔وزارت صحت کی جانب سے کل جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5611 نئے کیسزسامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 106750 تک پہنچ گئی۔ اس سے ایک دن پہلے 4970 نئے کیسز سامنے آئے تھے ۔ملک میں اس وبا سے گزشتہ 24 گھنٹے میں 140 افراد کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 3303 ہو گئی ہے ۔ وبا کے بڑھتے کیسز کے باوجود ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3124 افراد صحت مند ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی صحت مند ہو نے والے لوگوں کی مجموعی تعداد 42298 ہو گئی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹرمتاثرہوا ہے اور مجموعی کیسز کے معاملہ میں ایک تھائی حصہ یہیں کا ہے ۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4083 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 37136 ہو گئی ہے اور 1325 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 9639 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیںکورونا وائرس کیسز کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ۔تمل ناڈو میں اب تک 12448 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور84 اموات ہوئی ہیں جبکہ 4895 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے ۔کورونا وائرس انفیکشن کے کیسز میں ‘فائیو فیگر’ کی فہرست میں گجرات تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 12140 ہو گئی ہے اور اس وبا سے 719 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ اس کے علاوہ 5043 افراد اس بیماری سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے۔