تازہ ترین

بالہامہ نہر حکام کی بے حسی کا شکار:احسان پردیسی

تاریخ    15 مئی 2020 (00 : 03 AM)   


سرینگر//نیشنل کانفرنس نے بالہامہ میں گھیر کول نہر کی بحالی میں غیر معمولی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ  اس نہر کی مرمت فوری طورشروع کی جائے۔ پارٹی کے نائب صدر احسان پردیسی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے 2014کے تباہ کن سیلاب کے دوران یہ آبپاشی نہر بلاک ہوگئی تھی جوکئی علاقوں کیلئے آبپاشی کا واحد ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے تقریباً800 ہیکٹر اراضی سیراب ہوتی تھی، اس کے علاوہ مقامی آبادی اس نہر کا پانی دیگر گھریلو سرگرمیوں کے لئے بھی استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ آرڈر نمبر227PDبتاریخ13جون 2018کے تحت اس نہر کی بحالی کیلئے مختص رقومات کا کوئی اتہ پتہ نہیں کیونکہ ابھی تک اس نہر پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے نہر کی بحالی کیلئے درکار4.97لاکھ روپے کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا اور انتظامیہ پر زور دیا کہ ڈریجنگ اور دیگر ضروری کاموں کو فوری طور پر شروع کیا جائے۔