کسانوں کو بندشوں کے دوران فصل کاٹنے کی اجازت ہو گی:نوین چودھری

10 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

کٹھوعہ//کسانوں کو آنے والے موسم میں فصلوں کی کٹائی کی اجاز ت دینے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے بھیڑ و پشو پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے محکمہ کے اَفسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔اُنہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ فصلوں کی کٹائی کے لئے کسانوں کو نقل و حمل کی اجازت دیں۔اُنہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ لازمی طور ماسکس پہنیں اور فیلڈ دوروں کے دوران سماجی دور یاں بنائے رکھیں۔اُنہوں نے ضلع کی منڈیوں میں ضروری سازو سامان کی حصولیابی کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں اور افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اِقتصادیات کی بقا کے لئے کسانوں کے کام کرنے کی خاطر ایک لائحہ عمل تیار کریں۔سبزیوں اور پھلوں کے کسانوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے نوین چودھری نے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ او پی بھگت کو ہدایت دی کہ وہ فصلوں کی خرید و فروخت کے لئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کریں اور اس میں سماجی دوری کے اصول کی عمل آوری کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ پولٹری دکانوں پر سرکار کی ہدایات پر عمل آور کی جارہی ہے۔آنے والے ممکنہ بارشوں کے سیزن کے دوران نوین چودھری نے زراعت اور باغبانی محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک لاکھ پودے لگانے کے نشانے کو حاصل کریں اور ایلوویرا کے علاوہ بانس کے پودے لگانے کو بھی یقینی بنائیں۔کسانوں کی آمدن کو دوگنا کرنے کے لئے نوین چودھری نے کاشتکاری کے عمل میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو عمل میں لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے زراعت ، باغبانی ، بھیڑ و پشو پا لن محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اِن شعبوں کو مزید فروغ دینے کے لئے مناسب لائحہ عمل تیار کریں۔ ربیع او رخریف سیز ن کے دوران کسانوں کو آبپاشی کے لئے پانی فراہم کرنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ناظم زراعت جموں اندرجیت ، ڈائریکٹر سی اے ڈی سمیتا سیٹھی اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔
 

تازہ ترین