کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے جموں میں سکول امتحانات منسوخ

پہلی سے 9ویںاور11ویں جماعت کے طلباء بغیر امتحان کے اگلی جماعتوں میں

8 اپریل 2020 (50 : 01 AM)   
(      )

نمائندہ عظمیٰ
جموں//کوروناوائرس کی وجہ سے جاری ملک گیر لاک ڈائون کے پیش نظر جموںوکشمیر انتظامیہ نے جموں صوبہ کے گرمائی زون میں پڑنے والے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم اول سے نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبا ء کو کسی امتحان سے گزارنے کے بغیر ہی اگلی جماعتوں کیلئے پراموٹ کیاہے ۔لاک ڈائون کی وجہ سے یہ امتحانات مسلسل تاخیر کا شکار ہورہے تھے ۔اس کے علاوہ کشمیر صوبہ اور جموں کے سرمائی زون سکولوں میں گیارہویں جماعت کے کچھ مضامین کے پرائیوٹ امتحانات میں شامل ہونے والے امیدواروںکو بھی براہ راست اگلی جماعت میں داخلہ کا اہل قرار دیاگیا ۔ اس ضمن میں ڈپٹی سیکریٹری ایجوکیشن سچن جنڈیال کی جانب سے جموںوکشمیربورڈ آف سکول ایجوکیشن کی چیئرپرسن اور ناظم تعلیما ت جموں کے نام جاری کئے گئے ایک تحریری مکتوب میںکہاگیا ہے’’جموں صوبہ کے گرمائی زون میں بورڈ آف سکول ایجوکیشن سے منسلک سبھی نجی سکولوں اورتمام سرکاری سکولوں میں اول سے نویں جماعت تک زیر تعلیم سبھی طلبا کویک وقتی راحت کے تحت تعلیمی سال2020-21کیلئے اگلی جماعت میں پراموٹ کیاجائے ۔اس کے علاوہ کشمیر اور جموں کے سرمائی زون میںگیارہویں جماعت کے ان طلبا ء کو بھی پراموٹ کیاجائے جو چند مضامین کیلئے پرائیو ٹ امتحان میں شامل ہونے والے تھے ‘‘۔مکتوب کے مطابق ناظم تعلیم جموں اور کشمیرمنظور شدہ ضوابط کے تحت پراموشن کے عمل کی نگرانی کرنے کے علاوہ اس کو حتمی شکل بھی دینگے۔مکتوب میں مزید کہاگیا ہے’’دونوں صوبوں میں طباء کی یہ ماس پراموشن اس شرط پر ہوگی کہ اگر آگے چل کر یہ پایاگیا کہ امیدوار گیارہویں کے امتحان میں شرکت کا اہل نہیں تھالیکن اس کے باوجود اُسے سکول نے پراموشن کے اہل قرار دیاتو جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن یہ حق محفوظ رکھتا ہے کہ وہ کسی پیشگی نوٹس کے بغیر مذکورہ امیدوار کی پراموشن منسوخ کرے‘‘۔جموال کے مکتوب کے مطابق فیصلہ مجاز اتھارٹی نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر لیا ہے۔خیال رہے کہ دن میں کمشنر سیکریٹری تعلیم اصغر سامعون کی جانب اس ماس پراموشن کے منصوبہ کو ہری جھنڈی دکھائی گئی تھی۔
 

تازہ ترین