جامع مسجد میں کوئی تقریب نہیں ہوگی:انجمن اوقاف

8 اپریل 2020 (50 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے ایک بیان کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلائو کے پیش نظر امسال شب برات کے سلسلے میں جامع مسجد میں کوئی تقریب انجام نہیں دی جائے گی۔ بیان کے مطابق کورونا وائرس کے سلسلے میںطبی ماہرین اور متعلقین کی آرا کے پیش نظر شب برات پر نہ تو میرواعظ محمد عمر فاروق کی مجلس وعظ خوانی ممکن ہے اور نہ توبہ و استغفار کی خصوصی مجلس کا انعقاد ممکن ہے۔ انجمن نے میرواعظ کی جانب سے یہ اپیل دہرائی کہ شب برات اپنے اپنے گھروں میں ہی توبہ و استغفار ، نوافل نمازوں اور ذکر و اذکار کے ساتھ انجام دیںاور اللہ کے حضور نہ صرف ملت اسلامیہ بلکہ بلا امتیاز پوری انسانیت کیلئے اس وبا سے نجات اور صحت و سلامتی کیلئے دعا کریں۔ 
 
 

عالمی وباء سے نجات کیلئے دعا کریں: ڈاکٹر فاروق/مولوی ہمدانی

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جمعیت ہمدانیہ نے شب برات کے موقعہ پر مسلمانانوںسے مودبانہ اپیل کی کہ اس بابرکت اور فضیلت والی رات میں دربارِ الٰہی میں سربسجود ہوکر موجودہ آزمائشوں سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا ’’ اس فضیلت والی رات میں ہمیں نہایت عاجزی اور انکساری کے ساتھ اُن گناہوںاور خطائوں کیلئے معافی مانگنی چاہئے جو ہم سے سرزد ہوئی ہیں‘‘۔انہوںنے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت اجتماعات سے گریز کرنا چاہئے اور اپنے اپنے گھروں میں ہی شب خوانی کرنی چاہئے۔انہوں نے مسلمانانِ ریاست سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ادھر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ شب برات انتہائی عظمت ،فضلیت اور اہمیت کی حامل رات ہے اور اس رات میں اللہ کے حضور سربسجود ہو کر انکساری اور ندامت کے ساتھ توبہ و استغفارکریں اور اسلام کی سربلندی ،فتح و نصرت اور عالم انسانیت کی بقا کے لئے دعا کریں۔انہوں نے اپیل کی کہ لوگ موجودہ جان لیو اوباء سے نجات پانے کے لئے دعا کریں ۔
 
 

گھروں میں ہی شب خوانی کا اہتمام کریں:آغا حسن

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے فرندان توحید کو شب برات کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے تاکید کی کہ وہ مہلک وباء کی تباہ کاریوں کے پیش نظر عبادات اپنے گھروں کے اندرمیں ہی انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ اس وباء نے پوری دنیا کو ایک بحرانی صورتحال میں مبتلا کر رکھا ہے اور طبی ماہرین کی نگاہ میں احتیاتی تدابیر اس کا واحد علاج ہے لہذا ہر سطح پر سماجی دوری برقرار رکھیں۔
 

تازہ ترین