تازہ ترین

ڈوروشاہ آباد کے رضار کار | طبی ملازمین کیلئے لباس کی تیاریوں میں مصروف

تاریخ    7 اپریل 2020 (08 : 02 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ //کرونا وائرس کے باعث جہاں پوری دنیا متاثر ہوئی ہے وہیں وادی کشمیر میں بھی اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد ہر گذرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے،اس صورتحال میں غیر سرکاری تنظیموں کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ڈورو شاہ آباد میں قائم فردوس چیرٹیبل سوسائٹی و ادبی مرکز شاہ آباد جموں و کشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن کے اشتراک سے محکمہ صحت میں کام کر رہے ملازمین کے لئے بغیر کسی معاوضہ کے پی پی سوٹ تیار کررہی ہے ۔سوسائٹی میںفی الوقت قریباََ15لڑکیاں رضاکار انہ طور سوٹ تیار کر رہی ہیں اور لڑکیوں میں اس کام کو کرنے میں کافی جوش اور ولولہ نظر آرہا ہے ۔ادفر جان نامی رضاکار لڑکی نے کشمیر عظمٰی کو بتایا کہ اُنہوں نے ٹیلرنگ کام جے کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کی مدد سے سیکھا ہے ۔کرونا وائرس کے پھیلتے ہی ان کے دل میں سماج کے تئیں کچھ کرنے کا جذبہ پیدا ہوگیا۔ اس بیچ فردوس چیرٹیبل کی جانب سے اُنہیں طبی عملہ کے لئے  بغیر کسی معاوضہ کے پی پی سوٹ بنانے کی اطلاع موصول ہوئی جس کو اُنہوں نے خوشی خوشی قبول کیا اور روزانہ وہ 4سے 5سوٹ تیار کرتی ہے ۔سینٹر میں موجود ایک اور لڑکی کا کہنا تھا کہ انسان درددل کے واسطے پیدا ہوا ہے اگر آپ میں سماج کے تئیں کچھ کرنے کی صلاحیت موجود ہے تو آپ گھر بیٹھے بھی اس کام کو انجام دے سکتی ہے ،ہماری گذارش ہے ان لڑکیوں سے جن کو سلائی کٹائی میں مہارت ہے وہ بھی اس نیک کام میں اپنا ہاتھ بٹائیں۔سوسائیٹی کے چیر مین شبیر احمد کا کہنا ہے کہ انکی سوسائٹی رضاکارانہ  بنیاد پر کام کرتی ہے ۔ضلع انتظامیہ نے اُنہیں 1000پی پی سوٹ بنانے کے لئے کپڑا فراہم کیا اور اب تک قریباََ250سوٹ تیار ہوگئے ہیں جن کو ضلع انتظامیہ کے حوالے کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سوسائٹی گائوں دیہات میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کرنے کے ساتھ مستحق افراد میں کھانے پینے کی چیزیں خفیہ طریقہ تقسیم کرتی ہے ۔