گھر گھر سروے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے پرغور

مکانات وشہری ترقی کے پرنسپل سیکریٹری کی صدارت میں میٹنگ

7 اپریل 2020 (08 : 02 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
جموں// مکانات و شہری ترقی محکمے کے پرنسپل سیکرٹری دھیرج گپتا کی صدارت میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں اور سرینگر شہروں میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں گھر گھر سروے منعقد کرنے کیلئے موثر حکمتِ عملی وضع کرنے پر غور و خوض کیا گیا ۔ میٹنگ کے دوران کورونا وائیرس وباء سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا بالخصوص میونسپلٹیوں اور اربن لوکل باڈیز کے پاس دستیاب وسائل پر بھی بات چیت ہوئی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے وباء کو روکنے کے سلسلے میں تعینات افرادی قوت کے تحفظ کے سلسلے میں کئے جا رہے اقدامات سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ سینی ٹیشن ورکروں و دیگر عملے کو تمام ضروری تحفظی آلات فراہم کئے جانے چاہئیں جن میں میونسپلٹیوں اور اربن لوکل باڈیز کے ملازم شامل ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان لوگوں کو انشورنس سہولیت کے علاوہ ضروری سینی ٹائیزیشن اور صحت و صفائی یقینی بنانے کی سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہئیں ۔ دھیرج گپتا نے متاثرہ علاقوں میں فیومی گیشن اور فاگنگ کی مہم تیز کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے میونسپل کمیٹیوں اور میونسپلوں کونسلوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں جراثیم کش چھڑکاؤ کرنے میں تیزی لائیں ۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر جموں ، ڈائریکٹر این ایچ ایم ، کمشنر جے ایم سی ، وی سی جے ڈی اے ، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز جموں ، مکانات و شہری ترقی محکمہ کے افسران موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر سرینگر ، کمشنر ایس ایم سی ، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر اور وی سی لاوڈا نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ 
 

تازہ ترین