تازہ ترین

جنوبی کشمیر میں 7نوجوان گرفتار | پلوامہ اور کولگام میں تلاشیاں

7 اپریل 2020 (08 : 02 AM)   
(      )

سید اعجاز+شاہد ٹاک
پلوامہ +شوپیان/ / فورسز نے جنوبی ضلع پلوامہ اور شوپیان میں مختلف چھاپوں کے دوران 7 نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔ادھر کولگام اور پلوامہ میں تلاشی کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ فورسز نے پولیس کی مدد سے سانبورہ پانپورمیں دوران شب گنائی محلہ میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی،جس دوران چند مکانوں کی چن چن کرتلاشی لی گئی۔پولیس نے تلاشی کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کرلیا۔گرفتار کئے گئے افراد میں عادل احمد نامی طالب علم بھی شامل ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گرفتار افراد انتہائی شریف النفس ہیں۔لوگوں نے گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔اس دوران فورسز نے دارم دور کیگام شوپیان میں چھاپوں کے دوران چار افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ پولیس نے دوران شب دربگام پلوامہ کے ایک نوعمر طالب علم کو بھی گرفتار کرلیا ۔ادھر فسٹ آر آر اور پولیس نے وانپورہ کولگام نامی بستی کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔اس دوران 55 آر آر اور پولیس نے زائیگام پلوامہ کو محاصرے میں لیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔