تازہ ترین

کپوارہ جھڑپ 5روز بعد اختتام پذیر | جنگجوئوں کی لاشیں نکالنے کا کام جاری ،5فوجیوں کی لاشیں بر آمد

7 اپریل 2020 (49 : 01 AM)   
(      )

اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میںفوج اور جنگجو ئوںکے درمیان خون ریز جھڑپ 5روز بعد اختتام پذیر ہوئی۔ جھڑپ میں  جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 5 فوجی اہلکار اور5جنگجو شامل ہلاک ہوئے۔ یہاں بدھ کو جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اتوار کو طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا تھا۔جھڑپ میں 3اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنکی ہلاکت کی فوج نے تردید کی ہے۔پولیس سٹیشن ترہگام سے 24کلومیٹر دور لائن آف کنٹرول کے نزدیک مژھل علاقے میں جمعہ گنڈ  کے مقام پر تین بہک اور رنگ ڈوری کے درمیان 8جاٹ فوجی پوسٹ میں تعینات فوجی اہلکار نے جنگجو کے ایک گروپ کو مشکوک حالت میں دیکھا تھا، جس کے بعد یہاں آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔پیر کی دوپہر تک جمہ گنڈ، رنگ ڈوری کے علاوہ ہایہامہ ،ہلمت پورہ ،کمکڑی ،بٹہ پورہ ،گلگام ،آورہ ،زرہامہ اور مڑہامہ کے جنگلات محاصرے میں تھے۔جھڑپ رنگ ڈوری گوگل ڈارہ جمعہ گنڈ علاقہ میں ہوئی ۔جنگجوئوں کی اندھا دھند فائرنگ میں فوج کے 8اہلکار شدید طور زخمی ہوئے جن میں پہلے 5اہلکار زخمو ں کی تاب نالاکر دم تو ڑ بیٹھے جبکہ 5جنگجو بھی جا ں بحق ہوگئے ۔مہلوک فوجی اہلکاروں کی شناخت جونیئر کمیشنڈ آفیسر سنجیو کمار ساکن ہماچل پردیش، حوالدار دیویندرا سنگھ ساکن اترا کھنڈ، سپاہی بال کرشن ساکن ہماچل پردیش، سپاہی امت کمار ساکن اترا کھنڈ اور سپاہی چھترا پال سنگھ ساکن راجستھان کے طور پر ہوئی ہے۔مہلوک فوجی اہلکاروں کی لاشیں بر آمد کی گئیں ہیں تاہم مارے گئے جنگجوئوں کی لاشوں کو پیر کی شام تک بر آمد نہیں کیا جاسکا۔پولیس پارٹی کوجنگجوئوں کی لاشیں  بر آمدکرنے کے لئے روانہ کیا گیا ہے ۔
 
 
 

مہلوک جنگجوئوں کی میتیں حاصل کرنے کیلئے 3کنبوں کا دعویٰ

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//جمعہ گنڈ کپوارہ جھڑپ میں مارے گئے جنگجوئوں کے بارے میں جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3 کنبو ں نے دعویٰ کیا کہ ان میں 3جنگجو ان کے عزیز ہیں ۔اتوار کو جنوبی کشمیر کے شوپیا ں ضلع سے تعلق رکھنے والے 2اور کولگام کے ایک کنبے نے ترہگام پولیس سٹیشن میں آکر اس بات کا دعویٰ کیا کہ وہ مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں اس بات شبہ ہے کہ مہلوک جنگجوئوں میں انکے تین لخت جگر ہیں، جو گزشتہ سال ہتھیارو ں کی تربیت کیلئے سرحد کے اُس پار  چلے گئے تھے۔ تاہم پولیس نے ان سے کہا کہ ابھی تک پولیس نے جنگجوئوں کی لاشوں کو بر آمد کیا نہ ان کی شاخت ہوئی ہے کیونکہ جس مقا م پر جھڑپ ہوئی ہے وہاں قریب 8فٹ برف ہے اور ترہگام سے کافی دور ہے۔پولیس نے ان سے کہا کہ لاشیں بر آمد کرنے کے بعد ہی ان کی شنا خت کی جائے گی ۔