تازہ ترین

کورونا بحران مزید سنگین | دنیا میں 64774 افراد ہلاک ، 12.03 لاکھ متاثر

امریکہ میں وائرس کا سنگین رُخ ، 312076 افراد متاثر 8499 ہلاک

6 اپریل 2020 (36 : 12 PM)   
(      )

یو این آئی
بیجنگ / جینیوا / نئی دہلی/ عالمی وبا ء کورونا وائرس رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور ابھی تک اس کے انفیکشن کی وجہ سے 64774 افرادکی موت ہوچکی ہے اوراور 12.03 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ ساتھ ہی اب تک اس وائرس سے متاثر 2.47 لاکھ افراد ٹھیک ہوچکے ہیں۔ یہ وائرس بیشتر ممالک اور خطوں میں پھیل چکاہے ۔ ہندوستان میں بھی کورونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور اتوار کی صبح وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 3374 افراد متاثر ہوئے ہیں ، جبکہ 77 افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ اس وائرس سے متاثر 267 افراد اب تک ٹھیک بھی ہوچکے ہیں۔اٹلی ، جو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ سنگین طور پر متاثرہ ملک ہے ، میں اس وائرس سے 15362 اموات ہوئی ہیں ، جب کہ 124632 افراد اس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ اس عالمی وبا ء کے مرکز چین میں اب تک 82574 افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں ، جبکہ 3333  افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس وائرس کے سلسلے میں تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق ، چین میں ہوئی اموات کا 80 فیصد 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ہی ہے ۔اس وبا نے امریکہ میں سنگین شکل اختیار کرلی ہے ، جسے دنیا کی سپر پاور سمجھا جاتا ہے ۔ اب تک یہاں 312076 افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 8499 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب، اسپین اس انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ اب تک اس سے 126168 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس کی وجہ سے 11947 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اس کے علاوہ ، جرمنی میں 96092 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 1،444 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فرانس میں 90848 افراد اس میں مبتلا ہوچکے ہیں ، جبکہ اس کی وجہ سے 7574 افراد کی جانیں جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں 42479 افراد متاثر ہوئے ہیں اور4320 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ ایران میں 55743 افراد اس میں مبتلا ہوچکے ہیں ، جبکہ 3452 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔